آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے باوجود قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر ورلڈ کپ میں جیت کےلئے پرعزم، انضمام الحق

101

لاہور ۔ 3 اپریل (اے پی پی) آسٹریلیا کے ہاتھوں ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں بدترین شکست کے باوجود ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق ابھی بھی اس ہار کو تسلیم کرنے کی بجائے ناکامیوں میں مثبت پہلو تلاش کررہے ہیں جبکہ پی سی بی حکام کو ٹیم کی شکست پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی لیکن ٹیم کو کئی نوجوان باصلاحیت کھلاڑی مل گئے،سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے کمبی نیشن سے ٹیم ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دکھائے گی جبکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، یہ سیریز ورلڈ کپ کی تیاری کا ایک حصہ تھی اور میگا ایونٹ کےلئے جب ٹیم کی تشکیل کا مرحلہ مکمل ہوجائے تو اللہ کے فضل سے پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں فیورٹ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کےلئے ٹیم صرف اور صرف میرٹ پر منتخب کی جائے گی اور مجھے پوری امید ہے کہ یہ ٹیم ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی۔