سڈنی ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) آسڑیلیا نے بھیڑوں کی برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی۔پابندی کے خاتمے کے بعد آسڑیلیا سے 60 ہزار بھیڑیں منگل کوکویت کے لئے روانہ کی جارہی ہیں۔آسڑیلیا کی حکومت نے بھیڑوں کی برآمد پر اپریل 2018 میں اس وقت عارضی پابندی عائد کی گئی تھی جب مشرق وسطی کے لئے جانے والی بھیڑوں کی کھیپ کی چند تصاویر منظر عام پر آئیں جس میں بھیڑوں کی ایک محدود تعداد بحری جہازوں پر انتہائی غیر مناسب ماحول میں رکھنے کی وجہ سے بیماری زدہ اور مردہ پائی گئیں۔آسڑیلین حکومت نے بعد ازاں بھیڑوں کے برآمد کے تمام نظام میں اصلاحات اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچائو کے لئے جون تا ستمبر 2019 کے دوران اِن کی برآمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔آسڑیلین ٹریڈنگ کمپنی رورل ایکسپورٹ کے مطابق منگل کو ریاست ویسٹرن آسڑیلیا سے بھیڑوں کی کھیپ کویت کے لئے روانہ ہو گی۔اس مرتبہ مال بردار جہازوں پر مویشیوں کی دیکھ بھال کے مشاہدے کے لئے آزاد آبزرور بھی ساتھ ہوں گے جن کو حکومت کی جانب سے قصور واروں کو جرمانے کرنے اور جیل بھجوانے تک کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔یاد رہے کہ زندہ بھیڑوں، بکریوں اور مویشیوں کی برآمد سے آسڑیلوی معشیت میں ہر سال 1.35 بلین ڈالر جمع ہوتے ہیں۔