فیصل آباد۔ 10 اگست (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) ایک ارب افراد کی بڑی منڈی ہے اس لئے ہمیں اس کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔
و ہ آسیان بلاک کے 14رکنی وفد سے خطاب کررہے تھے جنہوں نے مفتی حقان حسن کی قیادت میں فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کا دورہ کیا۔ صدر ڈاکٹر خرم طارق نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر ملک کا تیسرا بڑا چیمبر ہے جس کے ممبران کی تعداد ساڑھے آٹھ ہزار ہے جو ٹریڈ، انڈسٹری اور کامرس کے 118مختلف سیکٹرز اور سب سیکٹرز سے تعلق رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان ممبران کا تعلق ویونگ، ٹیکسٹائل، سپننگ، پراسیسنگ، نیٹ وئیر، گارمنٹس، ہوزری مینوفیکچرنگ، کیمیکل، بیوریجز، گھی ، آئل اور فوڈ وغیرہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد دراصل ایک برآمدی شہر ہے ، یہاں ملک کی سب سے بڑی انڈسٹریل سٹیٹ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شہر ملک کے وسط میں واقع ہے جہاں سے پورے ملک سے صرف چند گھنٹوں میں رابطہ کیا جا سکتا ہے،یہ1896 میں برطانیہ کے جھنڈا یونین جیک کی طرز پر تعمیر کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے ہر ہفتے60پروازیں آرہی ہیں جبکہ یہ شہر جی ڈی پی میں بھی گرانقدر حصہ ڈال رہا ہے۔ ڈائریکٹر ٹی ڈیپ فیصل آباد ناہید اختر نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرنے والے آسیان کے اس وفد کا تعلق ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، زراعت ، خوراک، آئی ٹی اور تعمیرات کے شعبوں سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے کا بنیادی مقصد آسیان ممالک اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے، وفد کو پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہ کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ وفد ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فیصل آباد کے تاجروں سے بات چیت کرنے کے لیے چیمبر کے دورے پر آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈیلی گیشن ویتنام، انڈونیشیا اور دوسرے ملکوں سے تعلق رکھتا ہے۔مفتی حقان حسن نے کہا کہ آسیان ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات دو طرفہ اور کثیر الجہتی دونوں لحاظ سے بڑھ رہے ہیں جس میں تجارت، سیاحت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بحری شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں۔آخر میں سینئر صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے معزز مہمانوں اور شرکاکا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ڈاکٹر خرم طارق نے وفد کے سربراہ مفتی حقان حسن کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی اور نگہت شاہدبھی موجود تھیں۔