آسیان ممالک کے ساتھ پاکستان کے خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں، گورنر پنجاب

161
حکومت ملک کی معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔گورنر پنجاب

لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ آسیان ممالک کے ساتھ پاکستان کے خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ فارن سروس اکیڈمی ایک اہم ادارہ ہے جو ملکی سفیروں کے ساتھ غیر ملکی سفیروں کو بھی تربیت دے رہا ہے۔ امید ہے یہ کورس آپ کی صلاحیتوں کو مذید نکھارے گا۔ وہ یہاںگورنر ہائوس لاہور میں آسیان ممالک سے تعلق رکھنے والے فارن ڈپلومیٹک کورس کے شرکا کی فارن سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل محمد مظہر جاوید کی قیادت میں ملاقات کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

وفد میں8 آسیان ممبر ممالک کے ڈپلومیٹک کورس کے 22 سفرا شامل تھے۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مختلف آسیان ممالک سے آئے ہوئے سفرا کو گورنر ہائوس میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا پاکستان آسیان ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیان ممالک کے ساتھ پاکستان کے خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارن سروس اکیڈمی ایک اہم ادارہ ہے جو ملکی سفیروں کے ساتھ غیر ملکی سفیروں کو بھی تربیت دے رہا ہے۔

امید ہے یہ کورس آپ کی صلاحیتوں کو مذید نکھارے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانا ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیان ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے وسیع ترمواقع موجود ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بین الاقوامی منڈیوں میں اعلی معیار کی ٹیکسٹائل مصنوعات ایکسپورٹ کرتا ہے۔

آسیان ممالک پاکستان میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں تجارت کر سکتے ہیں۔ اسی طرح آسیان ممالک پاکستان میں اپنی مصنوعات کی امپورٹ کے مواقع تلاش کر سکتے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے شمال میں خوبصورت سیاحتی مقامات ہیں، سیاحت کی غرض سے آئے ہوئے سیاح یہاں تجارت کے مواقع بھی ڈھونڈ سکتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آسیان ممالک سے سیاحت، تجارت اور تعلیم کے شعبے میں روابط بڑھانے سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام کے تحت آسیان ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبا کے لیے ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور انجینئرنگ کے سالانہ داخلوں میں خصوصی نشستیں رکھی گئی ہیں،آسیان ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبا اس سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں،یہاں تعلیم حاصل کرنا ان کے لیے ایک خوشگوار تجربہ ثابت ہو گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آسیان ممالک سے تعلق رکھنے والے بزنس مین پاکستان میں سی پیک کے تحت بنائے گئے ایکسپورٹ پراسسینگ زونز سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کے شعبے میں کارپوریٹ فارمنگ سمیت سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے،ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ امید ہے آپ یہاں سے بہت کچھ سیکھنے کے ساتھ ساتھ اچھی یادیں لے کر جائیں گے۔اس موقع پر فارن سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل محمد مظہر جاوید نے ا دارے کے اغراض و مقاصدپر تفصیلی روشنی ڈالی۔اس موقع پر وزارت خارجہ کی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر مریم سعید بھی موجود تھیں۔وفد میں آسیان ممبر ممالک انڈونیشیا،برونائی، کمبوڈیا، لاوس،ملائشیا، تھائی لینڈ، ویت نام اور فلپائن سے تعلق رکھنے والے ڈپلومیٹک کورس کے شرکا شامل تھے۔