اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):آسیان میڈیا وفد نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیئرمین پیمرا محمد سلیم سے ملاقات کی۔ پاکستان آسیان کے اشتراک سے منعقدہ پروگرام کے تحت ملاقات کا مقصد پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانا، ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا اور پیشہ وارانہ روابط کو مستحکم کرنا ہے۔
جمعرات کو پیمرا سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آسیان وفد کی نمائندگی آسیان سیکرٹریٹ کے کلچر اینڈ انفارمیشن ڈویژن کے سینئر افسران نوئل ہیڈل ٹین اور ویدیالبریانی نے کی۔ چیئرمین پیمر احمد سلیم نے وفد کے ساتھ ملاقات میں پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا دونوں خطوں کے درمیان ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اس لئے ہم آسیان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے خواہاں ہیں تاکہ دونوں خطوں کے درمیان باہمی فہم اور تعاون کو بڑھایا جا سکے۔ اس موقع پر نوئل ہیڈل ٹین نے کہا کہ آسیان اور پاکستان کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون نہ صرف خوش آئند بلکہ علاقائی امن اور ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ ویدیالبریانی نے کہا کہ ثقافتی تبادلے اور میڈیا کے ذریعے ہم دونوں خطوں کے درمیان نئے پل تعمیر کر سکتے ہیں۔
یہ پروگرام پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم قدم ہے۔ اس کے ذریعے دونوں خطوں کے درمیان ثقافتی اور پیشہ ورانہ روابط کو مضبوط بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر ایگز یکٹو ممبر بیرسٹر سکندر رشید چوہدری، ایگزیکٹوڈائریکٹر جنرل لائسنسنگ (براڈ کاسٹ میڈیا) وکیل خان، ایگزیکٹوا ڈائر یکٹر جنرل (آپریشنز براڈ کاسٹ میڈیا اینڈ پی آر) محمد طاہر ، ڈائریکٹر جنرل و سٹاف آفیسر چیئرمین سیکرٹریٹ تمثیل حیدر، ڈائر یکٹر جنرل (لیگل) طاہر فاروق تارڑ اور کنسلٹنٹ میڈیا سعدیہ بھی موجود تھیں۔