36.6 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومعلاقائی خبریںآشوبِ چشم کے مریض ہاتھوں کو باربار دھوئیں ،ڈاکٹر فضل محمود اعوان

آشوبِ چشم کے مریض ہاتھوں کو باربار دھوئیں ،ڈاکٹر فضل محمود اعوان

- Advertisement -

سرگودھا۔2اکتوبر (اے پی پی):ماہرِ امراض ِ چشم ڈاکٹر فضل محمود اعوان نے کہا ہے کہ آشوبِ چشم کی علامات میں آنکھوں کا سرخ ہونا، جلن اوردرد کا احساس ہونا، آنکھوں سے پانی کا آنا، روشنی سے آنکھوں کا بندہونا، آنکھوں کی سوزش، ہلکا بخار ہونا یا کھانسی آنا شامل ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ آشوبِ چشم میں مریض باربار آنکھوں میں خارش کرتے ہیں جس سے اُن کے ہاتھوں پر وائرس لگ جاتے ہیں اور جب یہ وائرس والے ہاتھ کسی بھی چیز کو لگتے ہیں تو یہ وائرس اس چیز پر منتقل ہو جاتے ہیں، جب کوئی دوسرا شخص اس چیز کو ہاتھ لگائے گا تو وہ وائرس اس میں منتقل ہو جائیں گے اس لیے ہاتھوں کوروزانہ باربار دھوئیں یا سینیٹائز کریں۔ آشوبِ چشم کے مریض باربارایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملائیں، گلے نہ ملیں، اپنا صابن، تولیہ،کنگھی،عینک،موبائل، کیلکولیٹر اور کتابیں وغیرہ جبکہ خواتین اپنی میک اپ کٹ کسی کواستعمال نہ کرنے دیں۔

- Advertisement -

آشوبِ چشم کے مریض نہروں اورتالابوں میں نہانے سے پرہیز کریں،آشوبِ چشم کے مریض دوا ڈالتے وقت آئی ڈراپ کی نوزل کو ہاتھ مت لگائیں اورآنکھ سے مت چھونیں دیں اور اسکے بعد صابن سے ہاتھ دھوئیں۔ڈاکٹر فضل محمود اعوان نے کہا کہ آشوبِ چشم کے مریض آنکھ کی رطوبت ٹشوپیپرسے صاف کریں اور اس کو فوری طورپر تلف کردیں۔اگرکوئی بچہ یا بڑا آشوبِ چشم میں مبتلا ہوتو سکول،کالج،دفتر،کارخانہ یا دکان سےرخصت کروا دیں اور وہ کچھ دن کے لیے اپنے آپ کو دوسروں سے دُور رکھے اوراحتیاط کرے۔

انہوں نے کہاکہ آشوبِ چشم کا وائرس علامات ظاہر ہونے سے 10دن پہلے علامات کے ساتھ 10دن تک جسم میں موجودہوتاہے اور10دن علامات ختم ہونے کے بعد بھی موجود رہتاہے اوردوسرے افراد کو بیماری منتقل کرسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ شہری علامات ظاہر ہونے پر فوری طورپر آنکھوں کے مستندڈاکٹر سے رابطہ کریں اورڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق دوائیں استعمال کریں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=397131

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں