آغا خان یونیورسٹی کے زیر اہتمام دیہی سندھ میں امراض قلب سے بچائو کے مراکزقائم کرنے کا اعلان

193
agha-khan

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):آغا خان یونیورسٹی کے زیر اہتمام اجلاس میں بالخصو ص دیہی سندھ میں بڑھتے ہوئے قلبی امراض سے نمٹنے کا جائزہ لیا گیا اور اس سلسلہ میں امراض قلب سے بچائو کے مراکزقائم کرنے کا اعلان کیا گیا ،

شرکاء نے تحقیقی منصوبے پیش کئے ،چیئر شعبہ طب آغا خان یونیورسٹی پروفیسر زینب صمد نے اجلاس کی صدارت کی ،سیکرٹری صحت سندھ ریحان اقبال بلوچ نے تحقیق اور ترقی کے منصوبوں پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحقیقاتی اقدامات کمیونٹی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہیں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں بنیادی ڈھانچے تک رسائی محدود ہے،

ہم آغا خان یونیورسٹی کی ان کوششوں کی تعریف کرتے ہیں جو پسماندہ کمیونٹیز تک رسائی ، قلبی امراض سے متعلق آگاہی اور علاج معالجہ کی فراہمی میں بڑا اہم کردار اد ا کر رہا ہے ،اجلاس میں ایک مفصل تحقیق اور ترقی کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی گئی جس کا مقصد ممکنہ قلبی امراض کے خطرات سے نمٹنے کے لیے سستااور بروقت ہیلتھ کیئر نظام قائم کرناہے۔

پروفیسر ڈاکٹر سلیم ویرانی نے کہا کہ سکول کے بچے آبادی کا وہ حصہ ہیں جنہیں قلبی امراض کا سب سے زیادہ خطرہ ہے، بروقت ہیلتھ کیئراور عوامی آگاہی ان خطرات کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے ۔