فیصل آباد۔ 13 فروری (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ ماحولیات فیصل آباد جوہر عباس رندھاوا نے بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں آلودگی پھیلانے کا موجب بننے والوں کے خلاف بھرپور طریقے سے کاروائیاں جاری ہیں اوراس سلسلہ میں محکمانہ ٹیموں نے یکم ستمبر2023سے اب تک کے عرصہ کے دوران 697اینٹوں کے بھٹوں کی چیکنگ کرتے ہوئے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے پر104بھٹوں کے مالکان کے خلاف چالان جمع اور35 بھٹوں پر آپریشنل ورک رکوادیا
جبکہ انہیں ایک کروڑ80 لاکھ روپے جرمانہ اور55افراد کیخلاف مقدمات بھی درج کرادیئے گئے اسی طرح محکمہ کی ٹیموں نے شاہرات پر دھواں دینے والی1111 وہیکلز کے چالان اور ڈرائیورز کو 24 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے اور13 ڈرائیورز ومالکان کے خلاف مقدمات درج کرائے۔ انہوں نے بتایا کہمحکمہ ماحولیات کی طرف سے ضلع بھر میں ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے انڈسٹریل یونٹس اوراینٹوں کے بھٹہ جات کی چیکنگ کا عمل بلاامتیاز جاری اور ساڑھے پانچ ماہ میں انڈسٹریل یونٹس،بھٹہ مالکان اور وہیکلز کے ڈرائیوزکے خلاف158 مقدمات درج کرائے گئے۔
جوہر عباس رندھاوا نے بتایا کہ انسداد سموگ کے سلسلہ میں ٹیموں نے یکم ستمبر2023سے اب تک830انڈسٹریل یونٹس کو چیک کیا اور178 کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرائے۔انہوں نے بتایا کہ دوران انسپکشن89 یونٹس کے بوائلرز کو سیل،90 مقدمات درج اور2کروڑ47 لاکھ50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ انسداد سموگ اقدامات کا تسلسل جاری اور ماحول کو آلودہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی بھرپور طریقے سے جاری رکھا جا ئے گا۔