اسلام آباد ۔ 2 نومبر (اے پی پی) پاکستان تھروبال فیڈریشن کے زیراہتمام آل پاکستان تھرو بال سکولز اینڈ کالجر چیمپئن شپ 11 جنوری سے لاہور ویمن کالج، لاہور میں شروع ہوگی۔ پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں سکولزکے جونیئر اور کالجز کے سنیئر مقابلے ہونگے۔ ٹورنامنٹ کے دونوں ایونٹس میں اول آنے والی ٹیموں کو ایک، ایک لاکھ روپے جبکہ دوئم آنے والی ٹیموں کو پچاس، پچاس ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ چیمپئن شپ میں بنگلہ دیش کی ٹیم خصوصی طور پر شرکت کرے گی۔