آل پاکستان چیمبرز پریذیڈنٹس کانفرنس ملکی معاشی سمت کے تعین کیلئے نادر موقع ہے،احسن بختاوری

129
Ahsan Bakhtavari
Ahsan Bakhtavari

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے کہا ہے کہ آل پاکستان چیمبرز پریذیڈنٹ کانفرنس ملکی معاشی سمت کے تعین کیلئے نادر موقع ہے،آئی سی سی آئی مسائل کو اجاگر کرنے میں پیش پیش ہے،کانفرنس کی تجاویز کو فیصلہ ساز فورم تک پہنچائیں گے ۔

وہ گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحت 2 روزہ آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں منعقدہ گرینڈ ڈنر سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں پاکستان بھر سے چیمبرز کے صدور، صنعت، تجارتی رہنما ئوں، سفارت کاروں، ماہرین تعلیم، تھنک ٹینکس نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریر میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے تمام شرکا کو تقریب میں شرکت پر مبارکباد پیش کی اور کانفرنس کے مقاصد کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔کاروباری برادری کو درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ پیش پیش ہے اور یہ اہم اقدام بھی اسی مہم کا حصہ ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس کمیونٹی کی ان شکایات کو دور کرنے میں کامیاب ہوگی۔ جو ملک کی معاشی حالت کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں پیش کی گئی تجاویز کو وزیراعظم، وزیر خزانہ، وزیر تجارت اور آرمی چیف سمیت تمام متعلقہ فورمز کو بھیجا جائے گا۔ سابق صوبائی وزیر پنجاب اور سرپرست اعلی یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر نے کانفرنس کو بزنس کمیونٹی کے درمیان رابطوں اور نیٹ ورکنگ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے مسائل سے حکومت کو آگاہ کرنے اور معاشی مسائل کے قابل عمل حل تلاش کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔انہوں نے حقائق اور اعداد و شمار کے ذریعے بتایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات ہیں اور بہت سے غیر ملکی سرمایہ کار آکر سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں اور حکومت اس سلسلے میں تمام ضروری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ممبر قومی اسمبلی اور معروف بزنس مین مرزا اختیار بیگ نے آئی سی سی آئی کے اقدام کو ایک قابل تحسین اقدام قرار دیا جس نے پاکستان بھر سے چیمبرز کے صدور کو اکٹھا کیا اور کاروباری رہنما ئوں کو ملک کی معیشت کی بحالی کے لیے متحد ہو کر تجاویز پیش کرنے کے قابل بنایا۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری اور ان کی ٹیم کو اس اہم تقریب کے انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم کانفرنس کے نتیجے میں تاجر برادری حکومت کو لیول پلیئنگ فیلڈ کے لئے انتہائی ضروری اقدامات کے لئے اہم پیغام دے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بجٹ اور آئی ایم ایف پیکیج بغیر کسی رکاوٹ کے پا س ہو جائے گا۔