اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ آم کے پودوں کے نیچے زمین کی سطح کو کچھ اونچا (ریز بیڈ)کر کےپودوں کو صحت مند رکھا جا سکتا ہے۔ یہ ایک بہت ہی کارآمد طریقہ کار ہے۔ اس سے نہ صرف پودے صحت مند رہتے ہیں بلکہ بہت تیزی سے پروان چڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ وہ مٹی جو زمین پر ڈھیر کی شکل میں ہو ساتھ والی مٹی سے جو زمین کے لیول کے برابر ہو قدرے بھُربھری اور نرم ہوتی ہے۔
اسی طرح جب آم کے پودوں کے نیچے زمین کا لیول کچھ اونچا کرتے ہیں وہ جگہ بھی نرم اور ہوا دار بن جاتی ہے۔ ماہرین نے کہا کہ کہ پودے اپنی خوراک اور پانی زمین سے اُسی وقت لے پاتے ہیں جب زمین وتر حالت میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب ایسے باغ میں آبپاشی کی جائے جہاں پودوں کی چھتری کے نیچے زمین کا لیول نیچے ہوتو زمین نہ صرف سخت ہوتی جاتی ہے بلکہ وتر حالت میں بھی بہت وقت گزرنے کے بعد آتی ہے۔ زمین کا سخت ہونا اور زیادہ وقت تَروتر میں رہنا جڑوں کے گلنے سڑنے کا باعث بنتا ہے۔
جیسے جیسے جڑیں گلتی رہتی ہیں ویسے ویسے پودا بیمار و کمزور ہوتا چلا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریز بیڈ کے ذریعے جب پودوں کی چھتری کی نیچے جگہ کو اونچا کیا جاتا ہے تب آبپاشی کرنے سے پانی رس رس کر جڑوں والی جگہ ملتا ہے جس سے زمین نہ صرف جلد وتر حالت میں آتی ہے بلکہ نرم بھی رہتی ہے، اور پودوں کی جڑیں مضبوط، صحت مند رہتی ہیں۔
صحت مند جڑیں ہی زمین سے خوراک اور پانی کو اٹھا کر پودوں کو مہیا کر سکتی ہیں۔ جس سے پودا صحت مند رہتا ہے۔ ایک صحت مند پودا ہی نہ صرف بیماریوں کا اچھا مقابلہ کرتا ہے بلکہ بھرپور اچھی کوالٹی کی پیداوار دے پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آم کے پودوں کے نیچے ریز بیڈز کسی بھی مہینے میں بنائے جا سکتے ہیں ، اس میں موسم/سیزن کی کوئی قید نہیں ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=406350