آنحضرت محمدﷺکی ذات کروڑوں عمدہ صفات جیسی مثالوں سے بھری ہوئی ہے، گورنرخیبر پختونخوا

69
پوری قوم کیلئے16دسمبر سانحہ اے پی ایس ایک دردناک دن تھا، گورنر خیبرپختونخوا

پشاور۔29اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے نبی آخرالزمان، خاتم النبین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی آمد کے سعید دن پر پوری قوم اور مسلم امہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ ہم بہت خوش قسمت قوم ہیں کہ جن کا پیغمبر، رہنما اور عشق آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ہیں، ہمارا عشق اور ہماری زندگیاں اس مقدس ذات کے ساتھ ہیں کہ جن کی ساری زندگی امانت، دیانت، سادگی، عفو و درگزر، بردباری،سخاوت، شجاعت، باہمی معاملات میں عمدگی، فلاح انسانیت، سچائی اور منصف مزاجی سمیت لاکھوں، کروڑوں عمدہ صفات جیسی مثالوں سے بھری ہوئی ہے، آج پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کا مقصد ہی اپنے رہبر و پیغمبر کی صفات اور اسوہ حسنہ پر عملدرآمد کی کوشش ہے، 12ربیع الاول 1442ھجری عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ نبی کریم کے اسوہ حسنہ پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضامن ہے، ہمیں اسوہ حسنہ سے رہنمائی لیکر معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ اور فلاح انسانیت کیلئے کام کرنا ہو گا کیونکہ خاتم النبین آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی حیات طیبہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کی سیرت و کردار کی تعمیر اور اخلاق و اعمال کی درستگی کی عمدہ مثال ہے۔گورنر کا کہنا تھا کہ نبی کریم کی تعلیمات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ہمیں قومی، مذہبی اور اجتماعی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی سوچ اور رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی کیونکہ آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بدولت اخلاقیات، معاشیات، گھریلو و اجتماعی زندگیوں اور روزمرہ کے معاملات میں مکمل رہنمائی کی گئی ہے۔ عصر حاضر ہم سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم عشق محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو اپنے کردار، گفتار اور عملی نمونہ سے دنیا پر ثابت کریں تاکہ اقوام عالم کو پتہ چل جائے کہ ہم ایک عظیم پیغمبر کے ماننے والے ہیں اور اپنے صفوں میں اتحاد و بلند عزم قائم رکھیں، آج کے پر مسرت اور بابرکت دن کی مناسبت سے میں بارگاہ ایزدی میں دعا گو ہوں کہ یہ ماہ بابرکت ہمارے لئے باعث رحمت و بخشش ہو اور ہمیں محسن انسانیت نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونیکے توفیق بخشیں اور ہمارے ملک کو حقیقی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن فرمائے۔ آمین۔