آنے والے دنوں میں ٹیکنالوجی میں بھرپا ہونے والا انقلاب قوموں کے مستقبل کا تعین کرے گا۔احسن اقبال

78

نارووال۔ 01 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے کہا ہے کہ آج ہم دیجیٹل دنیا میں رہ رہے ہیں ، آنے والے دنوں میں ٹیکنالوجی میں بھرپا ہونے والا انقلاب قوموں کے مستقبل کا تعین کرے گا۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار ای۔لائبریری نارووال میں ڈیجیٹل نارووال پروگرام کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہتختی سے شروع ہونے والا سفر آج 5جی تک پہنچ چکا ہے۔آرٹیفیشل انٹیلیجنس نے دنیا کو نئی جہتوں سے متعارف کروایا ہے ہمیں تبدیلی کے نئے رجحانات سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہونا چاہیئے۔آج سے دس،پندرہ سال پہلے نارووال ایک پسماندہ ضلع تھا، نارووال کی دھرتی نے تعلیم کی بنیاد پر میرا انتخاب کیا اور الحمد اللہ میں نے وہ تعلیم نارووال نوجوان کو واپس کی ،یہاں کے ہزاروں بچے اور بچیاں ایف۔ایس۔سی کے بعد تعلیم چھوڑ دیتے تھے، آج ایسا نہیں ہے آج نارووال میں تعلیم کی تمام تر سہولیات موجود ہیں۔آج نارووال کےبچوں کو انجینئرز،انینمل ہسبینڈری،سائنس ایجوکیشن،پولی ٹیکنیک ایجوکیشن،میڈیکل اور ایگریکلچر کی تعلیم کے حصول کیلئے تمام تر ادارے اپنے ضلع میں ہی مل رہے ہیں۔

یونیورسٹی آف نارووال میں 7ہزار طلباء و طالبات آج زیر تعلیم ہیں یہ ادارے اس علاقے سمیت پورے ملک کیلئے فائدہ اور تعلیم کا نور بکھیر رہے ہیں۔الیکشن کے دنوں میں کمپین کے دوران مجھے بیسیوں ایسے لوگ ملے جنہوں نے مجھے یہ بتایا کہ ہمارے بچے یونیورسٹی آف نارووال سے تعلیم حاصل کرکے کامیاب مستقبل کی راہ پر گامزن ہیں۔آج ہم نوجوان نسل کو مخالفوں کو گالی گلوچ نہیں سکھا رہے۔انہوں نے کہا کہ ایک جماعت نے ہم سب کو چور ڈاکو بنا کر پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ مجھے نارووال سپورٹس سٹی منصوبے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وجہ یہ تھی کہ اتنا بڑا منصوبہ اتنے چھوٹے شہر میں کیونکر بنادیا ہے۔اس کے پیچھے انکی نفرت آمیز سیاست موجود تھی۔سوشل میڈیا کے ذریعے جب آپ کسی کے ذہن میں جھوٹی نفرت پیدا کریں گے تو اس کے نتائج یہی نکلیں گے۔آپ نے دیکھا کہ ایک نوجوان نے میرے اوپر قاتلانہ حملہ کیا اور اسکی وجہ آپ سبھی کو معلوم ہے۔ایک ریاست کے اندر سزا وجزا کا اختیار ریاست کے پاس ہوتا ہے نہ کے ہر کوئی اپنی حیثیت میں خود لوگوں کے قتل کے فتوے دیتے پھریں۔یہ جو نیا انداز چل نکلا ہے کہ ہر کسی پر فتوی لگانا یہ بہت غلط بات ہے۔ بحیثیت مسلمان ہمیں امت کے اندر نفرت کے بیج نہیں بونے چاہیئے۔پی۔ٹی۔آئی اور ٹی۔ایل۔پی کے پراپیگنڈا کی وجہ سے اس نوجوان نے میرے اوپر قاتلانہ حملہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو آپ کو سیاست میں نفرت کا سودا بیچے اسکو نہ کر دیں اور جو سیاست میں محبت اور باہمی ہم آہنگی کا سودا بیچے اسکے قبول کریں۔ہم اپنے نوجوانوں کو فنی تعلیم اور ڈیجیٹل تعلیم دینے کیلئے بہت پہلے سے کوشاں ہیں پہلی مرتبہ ہم نے اپنے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دئیے اور اسکی وجہ سے آج ہم فری لانسرز کے لحاظ سے تیسرا بڑا ملک ہیں۔ہم اپنے ملک کے نوجوانوں کو چین کی مدد سے آئی۔ٹی۔کی تعلیم دینا چاہتے ہیں۔اور اسکے لئے وزیراعظم شہباز شریف صاحب نے اپنے دورہ چین کے دوران معاہدے بھی کیے ہیں۔ڈیجیٹل ورلڈ میں آپ اپنے ملک کے برینڈ ایمبیسڈر بھی ہیں آپ کو ہر حال میں کوالٹی اور دیانتداری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نارووال میں انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے جارہے ہیں جہاں ٹیکنالوجی کی کمپنیاں بھی آئیں گی۔ہمارے مخالفین صرف سوشل میڈیا پر جھوٹا پراپیگنڈا کرتے ہیں اور حقیقت کی دنیا سے دور ہیں۔آج انکے ناکام چار سالوں کو خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں، آج بجلی کے بل بلند ترین سطح پر ہیں ،یہ تبدیلی سرکار کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے