اسلام آباد ۔ یکم مئی (اے پی پی) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیراہتمام آن لائن پومزے تائیکوانڈو انٹرکلب چیمپئن شپ کے مقابلے آئندہ ہفتے شروع ہوںگے۔ گذشتہ روز پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مرتضی حسن بنگش نے کہا ہے کہ ایونٹ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے کلبوں کے کھلاڑی حصہ لیں گے اور یہ چیمپئن شپ کلب کی سطح پر کھیلی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کورونا وائرس کی وباءپوری دنیا میں پھیلنے کے باعث کھلاڑی میدانوں سے گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ ملک میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور قوت مدافعت بڑھانے کے لئے پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن نے چیمپئن شپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ مرتضی بنگش نے کہا کہ ایونٹ میں دس ایج کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں بچوں کی کیٹگری میں 9 سے 11 سال کی عمر، کیڈٹ میں 12 سے 14 سال تک، جونیئر میں 15سے 17 سال تک کی عمر رکھی گئی ہے جبکہ سینئر کیٹگریز میں 18سے 22 سال تک، 23 سے 26 سال، 27 سے 30 سال، 31 سے 35 سال، 36 سے 40 سال، 41 سے 45 سال اور پلس 46 سال کی عمر کے کھلاڑی حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر روز دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کی وباءکے متعلق مختلف افواہوں پر دھیان نہ دیں بلکہ حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور خود کو اپنے گھروں تک محدود رکھیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اس کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلوں کا خیال رکھیں تاکہ اس موذی مرض سے بچ سکیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=198552