کوئٹہ۔ 11 مئی (اے پی پی):صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی جانب سے شروع کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز درحقیقت پاکستانی عوام کے دل کی آواز اور ایک دیرینہ قومی خواہش کی تکمیل ہے۔ اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے شب خون مارنے کی بزدلانہ کوشش نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی تھی بلکہ اس نے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا لیکن تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ہمارے قومی وقار، سلامتی اور خودمختاری کو للکارا گیا افواج پاکستان نے جرات و بہادری کی نئی مثالیں قائم کیں۔
مینا مجید بلوچ نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نہ صرف ایک عسکری کارروائی ہے بلکہ یہ پاکستان کے پُرامن عزائم اور مضبوط دفاع کا مظہر بھی ہے کیونکہ دشمن کو یہ پیغام دینا ناگزیر تھا کہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن اگر ہمارے امن کو کمزوری سمجھا گیا تو ہم بھرپور جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاک افواج نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر میلی نظر ڈالنے والا ہر قدم پچھتائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی افواج نے دشمن کی اہم تنصیبات پر کامیاب حملے کر کے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، یہ آپریشن اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور پوری قوم بالخصوص ہماری نوجوان نسل اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بطور مشیر کھیل و امورِ نوجوانان اس بات پر فخر کرتی ہوں کہ ہماری نوجوان نسل میں حب الوطنی کا جذبہ پوری شدت سے موجود ہے،
ہمارے نوجوان نہ صرف کھیلوں کے میدان میں بلکہ ہر محاذ پر ملک کا نام روشن کرنے کے لیے تیار ہیں، آج ہمیں یکجہتی، عزم اور اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے قوم کے یہ سپوت ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595677