اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک فوج کی بہادری، قربانیوں اور آپریشن “بنیان مرصوص” میں تاریخی کامیابی پر کل (جمعہ) کو ملک بھر میں ’’یومِ تشکر‘‘منایا جائے گا۔ پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے (کل) جمعہ کو یوم تشکر منائے جانے کے حوالے سے اہم گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی عطا فرمائی، ہم اپنے شہداء کو یاد کریں گے، اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائیں گے، کل ملک بھر میں یوم تشکر منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی صورت میں ہمیں نعمت عطا فرمائی جس کا ہماری افواج پاکستان نے بہادری اور دلیری سےدفاع کیا اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں فتح سے ہمکنار کیا۔
اس کامیابی پر پوری قوم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہو گی، ہم اپنے شہداء کو یاد کریں گے، اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دن کے آغاز پر مسلح افواج اور ملک کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، جمعہ کے اجتماعات میں ملک و قوم اور افواج پاکستان کے لئے خصوصی دعا کی جائے گی، ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقاریب، شہدا ءکی قبروں پر حاضری دی جائے گی، ان کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات ہوں گی، شہدا کی یادگاروں پر دعائیہ تقاریب، پھول رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21توپوں کی سلامی سے ہوگا، ہم سب مل کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں گے ، اللہ تعالیٰ نے اس قوم کی عزت و وقار میں اضافہ کیا۔
وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یوم تشکر کی خصوصی تقریب کل رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں ہوگی جس میں وزیراعظم محمدشہبازشریف مہمان خصوصی ہوں گے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، سروسزچیفس اور وفاقی وزراء تقریب میں شریک ہوں گے۔ مرکزی تقریب میں قوم کو یکجہتی کا پیغام دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام اپنے گھروں پر پاکستان کا جھنڈا لہرائیں، شام کو چراغاں کریں اور افواج پاکستان، شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں، یہ پاکستانی قوم کی فتح ہے، اس کا بھی جشن منائیں، پاکستان کا پرچم ہر جگہ آویزاں نظر آئے گا۔ پوری قوم یوم تشکر پوری عقیدت و احترام سے منائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597521