اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قوم کے بیٹے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی، انتہائی کم وقت میں جارح دشمن کو اپنے گھٹنوں کے بل جھکنا پڑا اور اسے زندگی بھر کیلئے سبق سکھایا گیا، ہم امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے اسی اتحاد اور عزم کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل عطاء کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل کا اعزاز عطاء کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج قومی فخر کا دن ہے اور ملک کیلئے اس کی تاریخی اہمیت ہے، ہم اپنے قومی ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بہادر مسلح افواج کی قیادت کی ہے اور پاکستان کے دشمن بھارت کے تکبر اور غرور کو خاک میں ملا کر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری مسلح افواج نے نہ صرف ملکی سرحدوں کا دفاع کیا بلکہ دشمن کی سرحدوں کے اندر جا کر جنگ لڑی اور انتہائی کم وقت میں جارح دشمن کو اپنے گھٹنوں کے بل جھکنا پڑا اور اسے زندگی بھر کیلئے سبق سکھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی تنازعہ اور سفارتکاری کے اس مشکل دور میں ہمیں اس کامیاب فوجی فتح کو اخلاقی اور سفارتی جیت کے طور پر یاد رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی نمایاں کامیابی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلیرانہ اور بے خوف قیادت کے باعث حاصل ہوئی، انہوں نے غیر متزلزل عزم کے ساتھ مسلح افواج کی قیادت کی، اﷲ تعالیٰ کی مہربانی سے قوم کو یہ شاندار فتح حاصل ہوئی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کا اعتراف کر رہے ہیں، ان کی مادر وطن کیلئے قابل قیادت، بلند حوصلگی اور شاندار خدمات ہیں، ان کو انتہائی باوقار فوجی اعزاز بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازا جا رہا ہے، ان کی کمان میں آپریشن بنیان مرصوص اور ملکی سلامتی و علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے ان کی بلند حوصلگی جنگ کی تاریخ میں ہمیشہ نمایاں رہے گی اور نسل نو اس سے حوصلہ افزائی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس بحران کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پرسکون اور متاثر کن قیادت کا مظاہرہ کیا جو کہ بہادری، وژن، یقین، دور اندیشی، نظم و ضبط اور عزم کی عمدہ مثال ہے، یہ پوری قوم کیلئے ایک مثال ہے جب عسکری اور سیاسی قیادت نے مل کر دن رات کام کیا، اس طرح کی مشترکہ کوششوں اور غیر متزلزل عزم سے معاشی چیلنجز اور غیر ملکی سرپرستی میں سب سے بڑے خطرے دہشت گردی سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے، گذشتہ روز خضدار میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، میں پوری قوم کی طرف سے مادر وطن کے بیٹے کی خدمات کا اعتراف کرتا ہوں جس نے پاک فوج کیلئے شاندار روایات کو فروغ دیا ان کی خدمات ہمیشہ ہماری تاریخ میں زندہ رہیں گی، ہم امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے اسی اتحاد اور عزم کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔
تقریب میں قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی کابینہ کے اراکین، ارکان پارلیمنٹ، سروسز چیفس، غیر ملکی سفرائ، صوبہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے وزراء اعلیٰ اور صوبائی گورنرز سمیت اعلیٰ عسکری و سیاسی حکام نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600370