آپ کا پیشہ مسیحائی ہے ، دکھی انسانیت کی خدمت کے حصول کے لئے اسی طرح اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں جس طرح تعلیم کے میدان میں کیں،نامزد وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا شریف میڈیکل ٹرسٹ کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب

68
Muhammad Shahbaz Sharif
Muhammad Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):نامزد وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شریف میڈیکل ٹرسٹ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء پر زور دیا ہے کہ آپ کا پیشہ مسیحائی ہے ،آپ دکھی انسانیت کی خدمت کے حصول کے لئے اسی طرح اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں جس طرح تعلیم کے میدان میں کیں ۔ ہمارے والد محمد شریف مرحوم کا لگایا ہوا پودا آج ایک تناور درخت بن چکا ہے جس کے سائے تلے ہزاروں بچے اور بچیاں علم کے حصول کے لئے محنت کر رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو شریف میڈیکل ٹرسٹ کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پر وقار تقریب میں شرکت کر کے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے ،آج جن بچوں اور بچیوں کو میڈلز اور سرٹیفکیٹس ملے ہیں یہ صرف ان کی شبانہ روزمحنت ،یہاں پر موجود ان کے اساتذہ کرام کی بہترین تخلیق ،محنت اور عظیم والدین کی دعائوں اور تربیت کا نتیجہ ہے کہ آج آپ کو اللہ تعالی نے یہ بہت منفرد مقام دلوایا ہے، آپ کا پیشہ مسیحائی ہے ،آپ نے اب عملی میدان میں جا کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنی ہے اور اس میں ہمیں کوئی شک نہیں کہ آپ دکھی انسانیت کی خدمت کے حصول کے لئے اسی طرح اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے جس طرح تعلیم کے میدان میں کیں ۔

انہوں نے کہا کہ آپ اپنی تمام قابلیت کو بروئے عمل میں لے کر آئیں گے ،صحت ،بیماری زندگی اور موت خوشی اورغمی اللہ کے ہاتھ میں ہے ،آپ کے ذریعے جو مریض صحتیاب ہوں گے وہ قیامت تک آپ کو دعائیں دیں گے، آپ کی زندگی کے لئے ،مزید ترقی اور خوشحالی کے لئے آپ کے والدین کی درازی عمر کے لئے دعائیں کریں گے ،یہی اس مقدس پیشے کا مقصد ہے ،آپ نے بغیر کسی ذاتی پسند اور نا پسند کون گورا ہے کالا ہے اس کا مذہب کیا ہے آپ نے صرف اور صرف اس دکھی انسان اورمریض کی خدمت یہ سمجھ کر کرنی ہے جس کا قرآن کریم میں حکم دیا گیا ہے کہ دکھی انسان کا ہاتھ تھامیں ۔

انہوں نے کہا کہ جہاں آج آپ کے والدین کے دل باغ باغ ہیں اور انہیں آپ پر فخر ہے اسی طرح میرے بڑے بھائی نواز شریف ،میری بہن کوثر یوسف عزیز اور شریف خاندان کاہر فرد اللہ کے حضور جتنا بھی شکر ادا کرے وہ کم ہے کہ ہمارے والد محمد شریف مرحوم کا لگایا ہوا پودا آج ایک تناور درخت بن چکا ہے جس کے سائے تلے ہزاروں بچے اور بچیاں علم کے حصول کے لئے محنت کر رہے ہیں ،ہم تمام اساتذہ کرام ،ایکسپرٹس اورپروفیشنلز کو سلام پیش کرتے ہیں کہ ان کی ا نتہائی محنت سے کئی بیجز نے گریجوایشن کی اور آئندہ آنے سالوں میں گریجوایشن کریں گے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

کانووکیشن میں مسلم لیگ(ن)کے قائد محمد نوازشریف ، نامزد وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نامزد وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے مختلف شعبوں میں گریجوایشن کرنے والے طلبا و طالبات کو میڈلز اور سرٹیفکیٹس دئیے ۔ اس موقع پر مہمانوں کو سوینئرز بھی دئیے گئے۔