آپ ﷺتشریف لائے تو باطل اور کفر کے اندھیرے مٹ گئے،زرتاج گل

164

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا کہ عید میلادالنبیﷺ پرتمام امت مسلمہ کو مبارک ہو، آپ ؐتشریف لائے تو باطل اور کفر کے اندھیرے مٹ گئے، آپ رحمت العالمین ہیں، رواں سال بھی سیرت کانفرنس ماحولیاتی آلودگی اور ہماری ذمہ داری سیرت طیبہ کی روشنی میں رکھا گیا ہے، قرآن حکیم اور آپ کی زندگی میں فطرت سے محبت کی تعلیمات ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے آٹھویں سے پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔ گلیشیئر پگھل رہے ہیں، کھڑی فصلیں تباہ ہو جاتیں ہیں، زیرزمین پانی کی سطح گرتی جا رہی ہے، سردی کم ہو رہی ہے، گرمی میں شدت آرہی ہے، لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں، آپ نے پانی کو آلودہ کرنے اور پانی کے اصراف سے منع فرمایا ہے، ہمارے پانی کے ذخائر کم ہو رہے ہیں، ہم سالانہ 10 ٹریلین گیلن پانی ضائع کر رہے ہیں، 40 فیصد اموات آلودہ پانی کی وجہ سے ہوتی ہیں، اس خطرے کو محسوس کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے پانچ بڑے ڈیم بنانے کا اعلان کیا ہے، زیرزمین پانی کی سطح بلند کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ علمائے کرام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے خطبات میں ماحولیاتی آلودگی کے موضع کو شامل کریں تاکہ آنے والے نسلوں کے لئے محفوظ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔