آڈیٹرز پر کسی قسم کی نوازشات نہ کی جائیں،آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا اسد امین کی ہدایت

187

اسلام آباد ۔ 22 اگست (اے پی پی) آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا اسد امین نے تمام وفاقی اور صوبائی محکموں پر زور دیا ہے کہ آڈیٹرزکو کسی بھی قسم کی مراعات سے نوازنے سے گریز کیا جائے۔ یہ اقدام بدعنوانی اور غلط طریقوں کی حوصلہ شکنی اور اعلٰی اخلاقی معیارات کو فروغ دینے کے لئے کیا گیا ہے۔ پیر کو آڈیٹر جنرل آفس سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق آڈیٹر جنرل نے اس سلسلے میں وفاقی سکیرٹریز اور صوبائی چیف سیکرٹریز کو خطوط ارسال کر دیئے ہیں جن میں درخواست کی گئی ہے کہ آڈٹ پارٹیز کے ساتھ کام کرنے والے افسران کو ہدایت کی جائے کہ آڈیٹرز پر کسی قسم کی نوازشات نہ کی جائیں۔ اگر کوئی آڈیٹر ایسا کوئی مطالبہ کرے تو اس کا معاملہ فوری طور پر ڈائریکٹر جنرل آڈٹ کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ ضابطے کی کارروائی کی جا سکے۔ یہ اقدام محکمے میں بدعنوانی اور غلط طریقوں کی حوصلہ شکنی کرنے کے لئے اٹھایا گیا ہے، اس سلسلے میں تمام افسران کو انٹوسائی کے ضابطہ اخلاق میں پیش کئے گئے اعلٰی معیارات کو اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔