اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا اسد امین نے پبلک سیکٹر آڈیٹنگ میں تعاون کے فروغ کے لئے ایران کی سپریم آڈٹ کورٹ کے سینئر صدر امین حسین رحیمی کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے۔ اے جی پی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ایران کی سپریم آڈٹ کورٹ کے مابین تہران میں ہوئے۔ دونوں اطراف کے سربراہان نے مطالعاتی دوروں، آڈٹ اور ٹریننگ پروگرامز کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے سپریم آڈٹ کورٹ کے سینئر صدر امین حسین رحیمی کا پاکستانی وفد کو ایران کے دورہ کی دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں سے دونوں ممالک کے درمیان موجود برادرانہ تعلقات میں اضافہ ہوگا۔