آی جی خیبرپختونخوا پولیس ذولفقارحمید کا دورہِ نو شہرہ اکوڑہ خٹک

98

پشاور۔ 04 مارچ (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے منگل کے روز اکوڑہ خٹک نوشہرہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی پر ہونے والے خودکش حملے کے اندوہناک واقعے میں انکی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

آئی جی پی نے شہید مولانا حامدالحق کے ورثاءسے ملاقات کی اور لواحقین سے اپنی دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ آئی جی پی نے سوگوار خاندان کے افراد کو یقین دلایا کہ اس بہیمانہ واقعے میں ملوث ملزمان کا بہت جلد سراغ لگا کر انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائیگا۔ آئی جی پی نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پولیس غمزدہ خاندان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور انہیں انصاف دلا کر رہے گی۔

آئی جی پی نے شہید مولانا حامد الحق کی دینی اور مذہبی خدمات کوزبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا نے ساری زندگی دینی علوم کی ترویج کے لیے وقف کی اور ان کی مذہبی خدمات کی جلائی ہوئی شمع ہمیشہ روشن رہے گی،دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک سمیت تمام مدارس ، مساجد اور علماءکرام چاہے کسی بھی طبقہ فکر سے منسلک ہوں بلا تفریق انکی حفاظت پولیس کی اہم ذمہ داری ہے اور اسکو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔آئی جی پی نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ پولیس کے لیے ایک چیلنج ہے۔

اس واقعے کے ہر پہلو کا جائزہ لے رہے ہیں اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر دہشت گرد نیٹ کو جلد از جلد بے نقاب کرکے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا ۔اس موقع پر شہید کے ورثاءنے پولیس پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور معاشرے میں امن و امان اور بھائی چارے کے قیام کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔آر پی او مردان نجیب الرحمن بگوی ، ڈی پی او نوشہرہ عبدالرشید خان اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی مردان طارق حبیب بھی اس موقع پر آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔