
اسلام آباد ۔ 24اگست (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں آ بی وسائل کی بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے جس سے ملک کے زرعی شعبے کی ضروریات بھی پوری ہوگی اور گرین انرجی بھی میسر ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزسنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں 3629.820 ملین روپے کی لاگت کا آزاد کشمیر کے لیے "ڈزاسٹر کلائیمیٹ ریزیلینس امپروومنٹ پروجیکٹ” منظور کیا گیا۔اجلاس نے "2160 میگاواٹ داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اسٹیج 1” اور "پاکستان گوز گلوبل” منصوبے پر بھی غور کیا گیا لیکن چند تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ان منصوبوں کو کلیئر نہیں کیا گیا ، لہذا اگلی میٹنگ میں ان منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ منصوبوں کے سپانسر ایجنسی کو ہدایت کی گئی کہ وہ اگلے سی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں تمام تیکنیکی مشاہدوں کی تعمیل کریں۔