ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا یو اے ای کے ساتھ تربیت اور مشترکہ آپریشنل مشقوں سمیت عسکری تعاون کے پاکستان کے غیر متزلزل عزم پر زور

راولپنڈی۔8ستمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ عسکری تعاون بالخصوص تربیت اور مشترکہ آپریشنل مشقوں کے شعبوں میں پاکستان کے غیر متزلزل عزم پر زور دیا ہے۔پیر کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے کمانڈر میجر …

راولپنڈی۔8ستمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ عسکری تعاون بالخصوص تربیت اور مشترکہ آپریشنل مشقوں کے شعبوں میں پاکستان کے غیر متزلزل عزم پر زور دیا ہے۔پیر کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے کمانڈر میجر جنرل حمید محمد عبداللہ الرمیثی نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں فریقین نے مشترکہ تربیتی اقدامات اور گہرے عسکری تعاون کے ذریعے مشغولیت کی نئی راہیں تلاش کیں۔ ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے سائبر، خلائی، مصنوعی ذہانت، الیکٹرانک وارفیئر اور ایرو سپیس ڈومینز میں جدید ترین اپ گریڈیشن پروگراموں کے ذریعے پاک فضائیہ کو ایک جدید، چست اور ٹیکنالوجی پر مبنی فضائیہ میں تبدیل کرنے کے اپنے وژن کی وضاحت کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے مذہبی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ عسکری تعاون بالخصوص تربیت اور مشترکہ آپریشنل مشقوں کے شعبوں میں پاکستان کے غیر متزلزل عزم پر زور دیا۔متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے کمانڈر میجر جنرل حمید محمد عبداللہ الرمیثی نے پاک فضائیہ کی جانب سے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر ائیر چیف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاک فضایئہ کی خود انحصاری مہم کو سر اہا جس کے ذریعے اس کے مضبوط فریم ورک، اس کی صلاحیتوں اور تکنیکی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اسے خطے کی آپریشنل طور پر تیار اور تکنیکی طور پر جدید ترین فضائیہ بنایا گیا۔ معزز مہمان نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کی کثیر ڈومین وارفیئر میں پاک فضائیہ کے بھرپور آپریشنل تجربے سے فائدہ اٹھانے کی بھرپور خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فضائیہ کا تجربہ شدہ آپریشنل فریم ورک اور جنگی ثابت شدہ نظریہ علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے لئے یکساں طور پر انمول ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے کمانڈر نے پی اے ایف کے ساتھ مشترکہ مشقوں کے انعقاد میں متحدہ عرب امارات کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا جس میں باہمی طور پر سیکھنے، آپریشنل ہم آہنگی اور بہتر معلومات کے تبادلہ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ متحدہ عرب امارات کی فضائیہ پاکستان میں مشترکہ تربیتی اقدامات میں حصہ لینے کی خواہاں ہے، اس اقدام کو انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ایک اہم سنگ بنیاد قرار دیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ اور متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے کمانڈر کے درمیان ملاقات دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم اور دفاعی اور فوجی تعاون کے شعبوں میں اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کی نشاندہی کرتی ہے۔