اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھونےموزوں تربیت اور صلاحیت سازی کے اقدامات کے ذریعے جنوبی افریقہ کی فضائیہ کی جنگی صلاحیتوں کو تقویت دینے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیاہے۔بدھ کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے جنوبی افریقی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمومبو نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ان کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمومبو کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے مشترکہ اقدار اور خواہشات پر زور دیا جو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان گہری دوستی کی بنیاد ہیں۔ ائیر چیف نے موزوں تربیت اور صلاحیت سازی کے اقدامات کے ذریعے جنوبی افریقی فضائیہ کی فضائی جنگی صلاحیتوں کو تقویت دینے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل ویزمین ایمبامبو نے پاک فضائیہ کی مضبوط آپریشنل تیاری، اس کی کثیر شعبہ جاتی جنگی صلاحیتوں اور قابل اعتماد ڈیٹرنس پوزیشن کو برقرار رکھنے میں اس کی کامیابی کو سراہا۔ دونوں فضائی افواج کے درمیان مشترکہ اقدار اور مفادات کو تسلیم کرتے ہوئے، جنوبی افریقی فضائیہ کے سربراہ نے جنوبی افریقی فضائیہ اورپاک فضائیہ کے درمیان رسمی تعلقات کو مزید مضبوط اور ادارہ جاتی بنانے کی بھرپور خواہش کا اظہار کیا۔
بات چیت کے مرکزی موضوعات میں سے ایک جنوبی افریقی فضائیہ کے تربیتی نظام کو بہتر بنانا تھا۔ اس تناظر میں، لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمومبو نے اکیڈمی کی سطح پر شروع ہونے والے ایک جدید اور جامع تربیتی فریم ورک کو تیار کرنے میں پاک فضائیہ کی مدد طلب کی۔ معززمہمان نے پی اے ایف کی اہم آپریشنل مشقوں میں جنوبی افریقی فضائیہ کے افسروں کی بطور مبصر شرکت کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
پی اے ایف کے انجینئرنگ انفراسٹرکچر کی جانب سے پیش کی جانے والی تکنیکی مہارت اور کم لاگت سے دیکھ بھال کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے، انہوں نے جنوبی افریقی فضائیہ کے اپنے سی 130 بیڑے کے پاکستان میں معائنہ اور دیکھ بھال کا کام کرنے کے ارادے سے بھی آگاہ کیا۔