لاڑکانہ۔22فروری (اے پی پی):ابابیل سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن (اسوا) کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ اور سیشنز کورٹ کے قائداعظم پارک میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جن کا اثر ہمارے خطے پر بہت زیادہ ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلابوں نے بڑی تباہی مچائی ہے، جس کے ہم خود چشم دید گواہ ہیں۔ پروگرام میں مہمان خصوصی ریحانہ چانڈیو (انچارج سیف ہاؤس قمبر) نے شرکت کی۔
موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے اسوا نے نوراللہ کھوسو کو مدعو کیا،جنہوں نے بہترین انداز میں موسمیاتی تبدیلی اور اس کے اثرات کے بارے میں سمجھایا۔ اس کے بعد حاضرین اور ناظرین نے سوالات پوچھے جن کے خطیب نے جامع جوابات دیے۔آخر میں شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے اسوا کی جانب سے ریحانہ چانڈیو نے پودے لگا کر اس کی شروعات کی۔اسوا کا شجرکاری مہم کا ہدف ہے
کہ پورے ضلع کے مختلف مقامات پر ہزاروں درخت لگائے جائیں جبکہ ڈسٹرکٹ اور سیشنز کورٹ کے قائداعظم پارک میں چیکو، جامن، آم، توت، نارنگی، مالٹا اور زیتون کے درخت لگائے گئے۔پروگرام میں قومی ترانہ لاؤڈ سپیکر پر سنایا گیا۔مختلف عہدیداروں اور سماجی کارکنوں کو سندھی ثقافت کی علامت اجرک اور ٹوپی پیش کی گئی۔اسوا کے صدر نواب الدین اور جنرل سیکرٹری شاہ مراد سومرو نے آئے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی مہمان نوازی کی۔