اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان نے گزشتہ روز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آنے والے ایک ناخوشگوار واقعہ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مسافر کو مبینہ طور پر غیر ملکی ایئر لائن کے عملے کی طرف سے چیک ان کائونٹر پر طمانچہ مارنے کے واقعہ کاکوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ ترجمان عبد الستار کھوکھر نے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ کے روزصبح 5 بجے پیش آنے والے اس واقعے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ابتدائی پوچھ گچھ کے علاوہ کلوز سرکٹ کیمرے کی فوٹیج کی جا نچ پڑتال کی ہے۔ جس سے معلوم ہوا ہے کہ غیر ملکی ایئر لائن کے اہلکار نے چیک ان کائونٹر پر مسافر کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ دوسرے مسافر کے حوالے کردیا تھا جسے فوری طور پر تلاش کر کے دستاویزات واپس لے لی گئیں لیکن اس وقعہ پر ایئرلائن عملہ اور مسافر کے مابین تلخ کلامی بھی ہوئی تاہم ایئر لائن کے عملہ کی طرف سے مسافر کو طمانچہ مارنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ تاہم انکوائری مکمل ہونے تک ایئر لائن کے مذکورہ اہلکار کو چیک ان کاﺅنٹر پر ڈیوٹی سے روک دیا گیا ہے۔