ابوظہبی ۔27جولائی (اے پی پی):ابوظہبی میں مہندی کے انتظامات نہ کرنے پر دلہن کا کمپنی کے خلاف مقدمہ کر دیا ۔الامارات الیوم اخبار کے مطابق ابوظہبی کی عدالت میں ایک خاتون نے درخواست دائر کی کہ اس کی شادی کی رسومات کی ادائیگی کے لیے تقریبات کا انتظام کرنے والی کمپنی نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس پر اسے مہمانوں کے سامنے سخت کوفت اٹھانا پڑی۔
خاتون نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ اسے 4 ہزار درھم کے علاوہ مزید 10 ہزار درھم ہرجانے کے طور پر ادا کرائے جائیں۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ کمپنی نے معاہدہ کیا تھا کہ شادی کی تقریب کے علاوہ خصوصی طور پر مہندی کی تقریب کے انتظامات کیے جائیں گے جس کے لیے سٹیج اور دیگر لوازمات کا انتظام کیا جائے گا۔ عدالت نے معاہدے کے مندرجات دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ فریق ثانی کی جانب سے دعوے کا جواب نہیں دیا گیا اور نہ ہی کسی قسم کی معذرت کی گئی جس پر عدالت نے معاہدے کو کینسل کرتے ہوئے مدعیہ کی جانب سے ادا کیے گئے 4 ہزار درھم اور 5 ہزار درھم ہرجانے کے طور پرادا کرنے کا حکم صادر کر دیا۔