ابوظہبی۔11ستمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے اختتام تک 400 سے زائد مصنوعی ذہانت ’’ اے آئی ‘‘ کی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں جو ملک میں اس شعبے کی تیز رفتار ترقی کو ظاہر کرتی ہیں۔ وام کے مطابق ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکی حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست نے 2024 کی دوسری سہ ماہی کے اختتام تک مصنوعی ذہانت کی 400 سے زائدکمپنیاں رجسٹر کی ہیں،2024 کی پہلی ششماہی میں ابوظہبی میں اوسطاً ہر دو دن میں ایک اے آئی کمپنی قائم کی گئی۔
نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد کے لحاظ سے اے آئی تیزی سے ترقی کرنے والا شعبہ بن گیا ہے جو ابوظہبی کے لیے ایک عالمی اختراع اور اے آئی مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے لیے معاونت فراہم کرتا ہے۔صرف چھ ماہ میں تقریباً 90 اے آئی کمپنیاں قائم کی گئیں جو 2023 کے مقابلے میں 2024 41.3 فیصد زیادہ ہیں ۔ ابوظہبی چیمبر کی رپورٹ نے امارات میں اے آئی کمپنیوں کی حمایت میں اپنے کلیدی کردار کو اجاگر کیا جس میں ایک کمیونیکیشن پلیٹ فارم فراہم کرنا، کاروباری تبادلے کو فروغ دینا، اور ایک مثالی کاروباری ماحول بنانے کے لیے پالیسیاں مرتب کرنا شامل ہے۔