ابوظہبی ۔9اکتوبر (اے پی پی):ابوظہبی میں زہریلے پودے اولینڈر کی کاشت، پیداوار، افزائش اور گردش پر پابندی عائد کر دی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے خبر رساں ادارے وام کے مطابق ابوظہبی میں ایگریکلچر اور فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ابوظہبی میں زہریلے پودے اولینڈر کی کاشت، پیداوار، افزائش اور گردش پر پابندی عائد کر دی ہے،یہ فیصلہ عوام، خاص طور پر بچوں اور پالتو جانوروں کو پودے کے زہریلے مادوں سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے، جو متلی، قے، اسہال، دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی اور یہاں تک کہ موت جیسے شدید علامات کا سبب بن سکتے ہیں۔
اماراتی فوڈ سیفٹی اتھارٹی میں ریگولیٹری اور انتظامی امور کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل موزہ سہیل المحیری نے عوامی حفاظت کو یقینی بنانے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں اس پابندی کی اہمیت پر زور دیا۔ یہ پابندی "ون ہیلتھ” نقطہ نظر کے مطابق ہے، جو انسانی، جانوروں اور ماحولیاتی صحت کے باہمی تعلق کو تسلیم کرتی ہے۔اس فیصلے میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی سے پیشگی منظوری کے ساتھ تحقیق اور سائنسی مقاصد کے لیے اولینڈر کی کاشت کی اجازت ہے۔ اتھارٹی عوام سے زہریلے پودوں کو محفوظ طریقے سے ہٹانے میں تعاون کرنے اور کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع دینے کی اپیل کرتی ہے