ابوظہبی میں عالمی دفاعی نمائش اور کانفرنس کا انعقاد: جدید ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کا مرکز

110

خرم شہزاد

ابو ظہبی۔22جنوری (اے پی پی):عالمی دفاعی نمائش (آئی ڈیکس) اور بحری دفاعی نمائش (نیوڈیکس) 2025 کے ساتھ ہونے والی بین الاقوامی دفاعی کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی نے اپنی تیاریاں مزید تیز کر دی ہیں۔ یہ نمائش اور دفاعی کانفرنس متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی سرپرستی میں 17 سے 21 فروری 2025 کو ایڈنیک سینٹر ابوظہبی میں منعقد ہوں گی ۔ایڈنیک گروپ، وزارت دفاع اور توازن کونسل کے اشتراک سے آرگنائز کردہ یہ نمائشیں دنیا بھر کی نمایاں کمپنیوں، ذمہ داران اور متحدہ عرب امارات کے اہم دفاعی اداروں کو یکجا کر یں گی ۔

اس بار کا ایڈیشن خاص طور پر مصنوعی ذہانت سے مربوط جدید ٹیکنالوجی پر مرکوز ہوگا۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے ڈپٹی چیئرمین میجر جنرل اسٹاف پائلٹ مبارک سعید غفان الجابری نے کہاکہ "IDEX اور NAVDEX عالمی سطح پر دفاعی اور سکیورٹی ٹیکنالوجی میں ہونے والی جدید پیش رفت کو اجاگر کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں۔ یہ نمائشیں امارات کے اس وژن کا حصہ ہیں جو جدت اور عالمی معیار کی ترقی کو فروغ دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان تقریبات میں جدید دفاعی نظاموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو نمایاں کیا جائے گا

اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اماراتی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ایڈنیک گروپ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او حمید مطر الظاہری نے کہاکہ یہ نمائشیں نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کے فروغ بلکہ ابوظہبی کو عالمی دفاعی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مرکز کے طور پر پیش کرنے کا ایک اہم موقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ IDEX اور NAVDEX کو عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں پیش کیا گیا ہے تاکہ ان تقریبات کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے، خصوصاً موجودہ عالمی سکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں۔IDEX اور NAVDEX 2025 نہ صرف جدید دفاعی ٹیکنالوجیز کی نمائش کا مرکز ہوں گی بلکہ قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان شراکت داریوں کو فروغ دینے اور متحدہ عرب امارات کے عالمی دفاعی شعبے میں کردار کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ہوں گی۔

یہ نمائش اور عالمی کانفرنس ابوظہبی کو ایک ممتاز بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس کے مقام کے طور پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت میں خصوصی ملازمتوں اور اعلیٰ معیار کی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔