ابوظہبی میں پاکستانی سفات خانہ میں کرسمس کے حوالہ سے تقریب

247

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):ابوظہبی میں واقع پاکستانی سفارت خانہ میں ہفتہ کو کرسمس کے حوالہ سے تقریب کا اہتمام کیاگیا ۔ دعائیہ تقریب میں پاکستانی مسیحی برادری کے متعدد افراد نے شرکت کی۔

یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کا آئین قائد کے وژن کے مطابق پاکستان میں بسنے والی تمام برادریوں کے لیے آزادی اور تحفظ کا ضامن ہے۔ حکومت کی پالیسیاں اقلیتی برادریوں کو مساوی شہری کے طور پر قومی زندگی میں اپنا کردار ادا کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے پرمبنی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حضرت عیسیٰ علیہ سلام عیسائی اور مسلمانوں دونوں کیلئے یکساں طور پر قابل احترام ہے اور ان کی محبت، امن اور رواداری کی تعلیمات نہ صرف مسیحی برادری بلکہ پوری انسانیت کے لیے روشنی کا مینار ہیں۔انہوں نے کہاکہ پرامن دنیا کے قیام کیلئے محبت اور رواداری کے پیغام کو قبول کرنے اور اس پر عمل کرنے کی آج انتہائی ضرورت ہے ۔

انہوں نے جسٹس اے آر کارنیلیس، کرنل ایس کے ٹریسلر، ایف ای چوہدری اور پاکستانی کمیونٹی کے دیگر ممبران کی خدمات کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی ترقی ان شخصیات کے کردار کوہمیشہ یاررکھا جائیگا۔