ابوظہبی میں پاکستانی مینگو فیسٹیول 2025 میں پھلوں کے بادشاہ کی نمائش

16

ابو ظہبی۔30جون (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے نے اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن (او پی ایف) کے تعاون سے ابوظہبی کے لی رائل میریڈین ہوٹل میں پاکستانی مینگو فیسٹیول 2025 کا انعقاد کیا۔ تقریب میں اماراتی معززین، سفارت کاروں، کاروباری رہنمائوں اور متحدہ عرب امارات میں متحرک پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے پیر کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق مینگو فیسٹول کا آغاز منتظم اعلیٰ ڈاکٹر محمد فرحان کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا۔ انہوں نے تقریب کے انتظامات میں بھرپور تعاون پر سفیر فیصل نیاز ترمذی اور سفارت خانہ پاکستان سے اظہار تشکر کیا۔متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنے خطاب میں آم پیدا کرنے والے چوتھے بڑے ملک کے طور پر پاکستان کی عالمی حیثیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی آم اپنے مخصوص ذائقے، خوشبو اور وسیع اقسام کے لیے مشہور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی آم کی تقریباً 60 فیصد برآمدات خلیجی ممالک کو کی جاتی ہیں جو مشرق وسطیٰ میں پاکستانی آم کی بڑھتی ہوئی مانگ اور مقبولیت کی نشاندہی کرتی ہیں۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستانی مصنوعات کے بین الاقوامی تشخص کے فروغ میں اس طرح کے ثقافتی اور پروموشنل ایونٹس کے اہم کردار پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ مینگو فیسٹیول جیسے تہوار نہ صرف ہماری زرعی فضیلت کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام کے درمیان افہام و تفہیم اور دوستی کے پل بھی استوار کرتے ہیں۔ میلے میں بہترین پاکستانی آم کی اقسام کی شاندار نمائش کی گئی اور حاضرین کو آم بھی پیش کئے گئے۔