اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):ابوظہبی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 43.6 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ابوظہبی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 672.4 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 43.6 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ابوظہبی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے468.3 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔جنوری 2022 میں ابوظہبی سے ترسیلات زرکاحجم 72.5 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجنوری 2021 میں 49.9 ملین ڈالرتھا۔
موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اوربینکنگ زرائع سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کیلئے سہولیات، اقدامات اورترغیبات کے نتیجہ میں جاری مالی سال کے دوران سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9.1 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔