ابوظہبی۔4دسمبر (اے پی پی):ابوظہبی ٹی 10 لیگ کے میچ میں نیویارک سٹرائیکرز نے دہلی بلز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 67 رنز سے شکست دے دی، سٹرائیکرز کے 99 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دہلی کی ٹیم 31 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، نیویارک کے بلے باز رحمان اللہ گرباز نے 49 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، عقیل حسین اور چمیکا کرونارتنے نے 3,3 وکٹیں حاصل کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
پیر کو ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹین لیگ کے 18ویں میچ میں نیویارک سٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنائے، اوپنر رحمان اللہ گرباز نے 24 بالوں پر 49 رنز اور اوڈین سمتھ 15 بالوں پر 25 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ نیویارک کے آئوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں مارک دیال 11، محمد وسیم ایک، کوسل پریرا اور کپتان کیرون پولارڈ دو دو رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
دہلی بلز کے بائولر وسیم اکرم نے دو جبکہ نوین الحق اور ڈوائن براوو نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ نیویارک سٹرائیکرز کے 99 رنز کے جواب میں دہلی بلز کی ٹیم 9.3اوورز میں 31 رنز پر ڈھیر ہوگئی، دہلی بلز کے بلے بازوں نے ہدف کا تعاقب انتہائی مایوس کن انداز میں کیا اور صرف 16 کے مجموعی سکور پر اس کے 8 کھلاڑی آئوٹ ہوگئے۔ روی بوپارہ 16رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے جبکہ دیگر 10 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، دہلی کے 5 کھلاڑی صفر پر آئوٹ ہوئے۔
نیویارک سٹرائیکرز کے بائولر عقیل حسین نے 7 رنز کے عوض 3 اور چمیکا کرونارتنے نے 6 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا، محمد عامر، سنیل نارائن، محمد جواد اللہ اور اوڈین سمتھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس فتح کے بعد نیویارک سٹرائیکرز پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ دہلی بلز تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔