ابوظہبی۔1دسمبر (اے پی پی):ابوظہبی ٹی 10 لیگ کے میچ میں نیویارک سٹرائیکرز نے ناردرن واریئرز کو دلچسپ مقابلےکے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی، واریئرز کا 89 رنز کا ہدف سٹرائیکرز نے 9.1 اوور میں حاصل کرلیا، سنیل نارائن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
جمعہ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹین لیگ کے 9ویں میچ میں ناردرن سٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے، کولن منرو نے 27 بالوں پر 44 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، حضرت اللہ زازئی 17، کینر لیوئس 4 اور جیمز نیشم 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان اینجلو میتھیوز دو رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
نیویارک کے بائولرز عقیل حسین، محمد جواداللہ اور جارج سکرمشا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیویارک سٹرائیکرز نے 89 رنز کا آسان ہدف اننگز کے آخری اوور کی پہلی بال پر 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، اوپنرز محمد وسیم 23 اور رحمان اللہ گرباز 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ناردرن واریئرز کی طرف سے اینجلو میتھویز، ابھیمنیو متھن اور تبریز شمسی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیمز نیشم نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس فتح کے بعد نیویارک سٹرائیکرز لیگ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آگئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415653