ابوظہبی۔16اکتوبر (اے پی پی):ابوظہبی ٹی 10 کے 2024 ایڈیشن میں جوز بٹلر، جونی بیئرسٹو، مارکس اسٹوئنس، لوکی فرگوسن اور راشد خان سمیت کئی دیگر عالمی سپر سٹارز شرکت کریں گے۔ رواں سال 2 نئی فرنچائزز بولٹس عجمان اور یوپی نوابز مقابلے میں شامل ہوں گی جس سے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔دفاعی چیمپئن نیو یارک سٹرائیکرز، دکن گلیڈی ایٹرز، ناردرن واریئرز، مورس ویل اسمپ آرمی، دہلی بلز، بنگلہ ٹائیگرز، ٹیم ابوظہبی اور نئے نامزد چنئی بریو جیگوار (سابقہ چنئی بریوز) بھی ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں۔
تمام فرنچائزز نے ڈرافٹ سے قبل اپنے اہم کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے اور نئے معاہدوں کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔ پلیئرز ڈرافٹنگ کی تقریب کل جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق شام 6 بجے ہوگی جس کیلئے دنیا بھر سے 400 سے زائد کھلاڑیوں نے اپنی رجسٹریشن کرائی ہوئی ہے۔ ٹورنامنٹ 21 نومبرسے 2 دسمبر تک کھیلا جائے گا ۔ مقابلے 12 روز جاری رہیں گے۔