ابوظہبی۔10فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ابوظہبی ڈائیلاگ (اےڈی ڈی ) میں پاکستان کی نمائندگی کی ۔ پاکستان اےڈی ڈی کا موجودہ چیئر مین بھی ہے۔ پا کستان کے سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیزکے مطابق پاکستانی قونصلیٹ جنرل دبئی میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشی (سی ڈبلیو اے )جنید مرتضیٰ نے پاکستان کی جانب سے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ مزدور تحریک کے حوالے سے یہ فورم مزدوروں کی نقل مکانی کی سب سے بڑی عارضی راہداریوں میں سے ایک محفوظ، منظم ، باقاعدہ، بامعنی گفتگو اور مکالمے میں شمو لیت کاا ہم موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ ابوظہبی ڈائیلاگ کثیر جہتی تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔جس میں رہنماؤں، پالیسی سازوں، ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم باہمی ربط کے فروغ ، تعاون کو بڑھانے اور عارضی مزدوروں کی نقل مکانی سے متعلق دیرپا حل کے حوالہ سے باہمی خیالات کے تبادلے کو فروغ دینے کے لیے ایک طریقہ کار بھی فراہم کرتا ہے۔
کمیونٹی ویلفیئر اتاشی جنید مرتضیٰ نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ اےڈی ڈی میں ہونے والی بات چیت سے چیلنجز سے نمٹنے اور تارکین وطن کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی اور نقل مکانی کرنے والوں کے آبائی ممالک کو عارضی مزدوروں کی نقل مکانی سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ چیئر مین اور سیکرٹریٹ نے ماہرین کی مدد سے رپورٹس کا ایک سلسلہ تیار کیا ہے جو کل ساتویں وزارتی مشاورت میں وزراء کو پیش کی جائیں گی۔
پاکستان نے گلف کوآپریشن کونسل (جی سی سی) کے لیبر مائیگریشن کوریڈور کے اندر ایک جامع سماجی تحفظ کا نمونہ وضع کرنے اور تارکین وطن کارکنوں کو ان کی باوقار واپسی اور دوبارہ انضمام کے لیے ان کے متعلقہ آبائی ممالک میں ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کی تجویز دی۔
پاکستان نے ابوظہبی ڈائیلاگ کے مستقل سیکرٹریٹ کے طور پر کام کرنے کے عزم پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اوراےڈی ڈی کے رکن ممالک کے سرکاری نمائندوں کے لیے پالیسی ہدایات مرتب کرنے میں ایڈوائزری کمیٹی ،ماہرین اور محققین کے کردار کو بھی سراہا۔