ابوظہبی کی آبادی میں 7.5 فیصد اضافہ

4
Abu Dhabi Statistics Center
Abu Dhabi Statistics Center

ابوظہبی۔30جون (اے پی پی):ابوظہبی شماریاتی مرکز (سکیڈ) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، 2024 میں ابوظہبی کی آبادی میں 7.5 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی آبادی 41 لاکھ 35 ہزار 985 تک جا پہنچی۔متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ شرح نمو دنیا کے بڑے مالیاتی مراکز کی شرح سے کہیں زیادہ ہے،گزشتہ دہائی کے دوران ابوظہبی کی آبادی میں 51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 2014 میں 27 لاکھ تھی اور 2024 میں بڑھ کر 41 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ یہ مسلسل آبادیاتی ترقی اُن اقتصادی کامیابیوں کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے جن میں 2024 کے دوران 3.8 فیصد کی جی ڈی پی نمو شامل ہے، جس کا حجم بڑھ کر 1.2 ٹریلین درہم کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

اس ترقی میں غیر تیل شعبے کا کردار کل پیداوار کا 54.7 فیصد رہا، جو 6.2 فیصد کی شرح سے ترقی کر کے اقتصادی تنوع کی پالیسی کی کامیابی کی عکاسی کرتا ہے۔بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی اس ترقی کو تقویت دے رہا ہے۔ ابوظہبی سیکیورٹیز ایکسچینج کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 3 ٹریلین درہم سے تجاوز کر چکی ہے، جو اسے دنیا کی 20 بڑی سٹاک مارکیٹس میں شامل کرتی ہے۔2024 میں ابوظہبی گلوبل مارکیٹ نے بھی غیر معمولی ترقی دکھائی، جس میں "اثاثہ جات زیر انتظام” (اے یو ایم ) میں 245 فیصد اضافہ، فعال اداروں میں 32 فیصد اضافہ، اور وہاں موجود افرادی قوت میں 39 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

غیر ملکی سرمایہ کاری میں 2011 کے مقابلے میں 300 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ صرف 2024 میں اقتصادی لائسنس کے اجرا میں 16 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا۔نو سال مسلسل دنیا کے محفوظ ترین شہر اور ساتویں سال مینا خطے کے سب سے قابلِ رہائش شہر کا درجہ حاصل کرنے والے ابوظہبی نے ایسا ماحول پیدا کیا ہے جہاں رہائشی اور کاروباری طبقہ اعتماد سے ترقی کر رہا ہے، اور عالمی صلاحیتوں کو اپنی طرف راغب کر رہا ہے۔2024 میں تعمیراتی منصوبوں کی مجموعی مالیت 107.4 ارب درہم رہی۔

واضح رہے کہ ابوظہبی میں آبادی کا تعین رجسٹری پر مبنی مردم شماری طریقہ کار کے مطابق کیا جاتا ہے، اور ابوظہبی مردم شماری 2023 سمیت تمام اعداد و شمار شماریاتی نظرثانی پالیسی کے تحت باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کئے جاتے ہیں۔