اسلام آباد ۔ 6 جنوری (اے پی پی) ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان اتوار کو اسلام آباد پہنچ گئے،ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان نے معززمہمان کا خیرمقدم کیا۔ دفترخارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے محمد بن زید النہیان کو اس دورے کی دعوت دی تھی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی اور مثالی تعلقات ہیں۔ دونوں ملکوں کا کئی اہم عالمی امور پرموقف یکساں ہے۔ ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر محمد بن زید النہیان نے اس سے قبل جنوری 2007ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اپنے دورے کے دوران ابوظہبی کے ولی عہد وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہونگے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی اعلی قیادت کے درمیان تین ماہ میں ہونے والی یہ تیسری ملاقات ہے۔بیان کے مطابق محمد بن زید النہیان کے دورے سے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا کلیدی تجارتی شراکت دار بھی ہے۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کے فارن کرنسی اکاونٹ میں تین ارب ڈالر جمع کرانے کا پہلے ہی اعلان کرچکا ہے جبکہ پاکستان کو تاخیر سے ادائیگی کی بنیاد پر تیل کی فراہمی کی سہولت پر بھی بات چیت جاری ہے۔ متحدہ عرب امارات میں 16 لاکھ پاکستانیوں کا ملکی معیشت میں حصہ سالانہ ساڑھے چار ارب ڈالر ہے۔ دونوں ملک خصوصی تعلقات کو طویل المدت سٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔