اب تک ملک کی 10 فیصد آبادی کو کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین لگائی جاچکی ہے،پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

50

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ اب تک ملک کی  10 فیصد آبادی کو کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین لگائی جاچکی ہے، عوام کی قیمتی جانوں کے تحفظ کے آنے والے دنوں میں ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا، حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے خلاف موثر اقدامات کے باعث ہر روز کورونا کیسسز کی تعداد میں بتدریج کمی آرہی ہے

۔جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میںکورونا ویکسین کے حصول کیلئے 19 سال کی عمر کے لوگوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے، لوگوں اپنی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جلد ازجلد خود کو رجسٹرڈ کروانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک 6 ملین افراد نے ویکسین کیلئے خود کور جسٹرڈ کرایا ہے، حکومت زیادہ سے زیادہ ویکسینیشن لوگوں کو ویکسین لگانے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے ،2021 ء کے آخر تک تک تقریبا 70 ملین افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ جو لوگ ویکسین لگوانے کے اہل ہیں انہیں فوری طور پر اپنا شناختی کارڈ نمبر 1166 فوری میسج کرکے خود کو رجسٹرڈ کرانا چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے وفاقی دارالحکومت کے مختلف ایریاز میں 15 کے قریب ویکسی نیشن سنٹر قائم کر دیئے گئے ہیں، پاکستان اور چین کے مشترکہ تعاون سے بنائی جانے والی پاکستانی ویکسین کی 1 لاکھ 20 ہزار خوراکیں دستیاب ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک کے دور دراز علاقوں میں کورونا ویکسی نیشن سنٹر قائم کر رہی ہے۔