سرگودھا۔28جنوری (اے پی پی):ضلع میں جاری ’’اب گاؤں چمکیں گے‘‘پروگرام کے تحت ریکوری کے عمل میں سستی و کاہلی برتنے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت اس پروگرام کے فیز IIمیں رورل ایریاز کی صفائی کے حوالے سے سرگودھا پنجاب بھر میں گزشتہ ماہ سے بدستور پہلے نمبر پر آ رہا ہے تاہم حکومت کی جانب سے صفائی کے اس نظام کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کیلئے بنائے گئے میکنزم کے مطابق مقرر کی گئیں معمولی فیسوں کی وصولیوں کی رفتار سست ہے،جس کے باعث پروگرام پر عملدرآمد میں مشکلات پیش آنے کا خدشہ پیدا ہو گیاہے۔
صفائی کی ذمہ دار ی لوکل گورنمنٹ جبکہ ریکوری کی ذمہ داری محکمہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی ہے،ریکوری کی موجودہ صورتحال پر ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھاء نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بہتری کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ اور اسسٹنٹ کمشنرز کو واضح کیا کہ 5جنور ی2024ء تک سو فیصد ریکوری یقینی بنا ئی جائے جس کے بعد سستی برتنے والوں کو شوکاز نوٹسز جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔