اتحاد، اتفاق اور مشترکہ ذمہ داری کا جذبہ ہماری قومی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بن سکتا ہے، رانا تنویر حسین

65
اتحاد، اتفاق اور مشترکہ ذمہ داری کا جذبہ ہماری قومی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بن سکتا ہے، رانا تنویر حسین

شیخوپورہ ۔ 06 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے یوم عاشور کے پُر امن اور باوقار انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے قوم کو اور بالخصوص سیکورٹی اداروں انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے دن رات محنت کر کے ملک بھر میں امن و امان کی فضا قائم رکھی،

اپنے بیان میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ محرم الحرام اور یوم عاشور ہمارے لئے نہ صرف دینی عقیدت کا مظہر ہے بلکہ یہ ہمیں صبر، قربانی، اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام بھی دیتا ہے، الحمد للہ، پاکستان کی عوام نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں امن، رواداری اور بھائی چارے کی مثال قائم کی، جس پر میں قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پولیس، رینجر، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضلعی و صوبائی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور رضا کار تنظیموں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان سب کی اجتماعی کاوشوں کے نتیجے میں یوم عاشور کے جلوس اور مجالس پُر امن ماحول میں منعقد ہوئیں اور کسی نا خوشگوار واقعہ کی اطلاع نہ ملنا قوم کے لئے باعث اطمینان ہے، وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آج کے پر امن ماحول سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ اگر ہم سب مل کر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

یہی اتحاد، اتفاق اور مشترکہ ذمہ داری کا جذبہ ہماری قومی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بن سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ حضرت اما م حسین علیہ السلام کی تعلیمات ہمیں نہ صرف دینی معاملات بلکہ روز مرہ کی زندگی میں بھی صبر، استقامت اور اصولوں پر ڈٹے رہنے کا درس دیتی ہیں،

آخر میں رانا تنویر حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو مزید امن، بھائی چارے اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھے اور ہمیں امام عالی مقام حضرت حسین علیہ السلام کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔