اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے انتخابات ترمیمی بل2023 کی منظوری جمہوری قوتوں کی فتح ہے، مرتضیٰ جاوید عباسی

133
مرتضی جاوید عباسی
آئین کے آرٹیکل 58کے تحت وزارت پارلیمانی امور نے حکومت تحلیل کرنے کی سمری وزیراعظم کو بھجوا دی ہے،مرتضی جاوید عباسی

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امورمرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت میں شامل جماعتوں کی مشاورت سے انتخابات ترمیمی بل2023 کی منظوری جمہوری قوتوں کی فتح ہے، ہم نے مل کر آئندہ کے لئے ایک سیاسی سمت کا تعین کرلیا ہے، اس بل کے مطابق پریذائیڈنگ افسر نتائج فوری الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ آفیسرکوبھیجنے کا پابندہوگا۔

بدھ کو وفاقی وزیر پارلیمانی امورمرتضیٰ جاوید عباسی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابات ترمیمی بل 2023 منظوری کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ اس قانون کے مطابق پریذائیڈنگ افسر فارم 45 کی تصویر بنا کر الیکشن کمیشن کوبھیجے، انٹرنیٹ نہ ہونے پریذائیڈنگ افسر اصل نتیجہ خود پہنچانے کاپابند ہو گا، پریذائیڈنگ افسرالیکشن کی رات 2 بجے تک نتائج دینے کا پابند ہوگا، تاخیر کی صورت میں ٹھوس وجہ کے ساتھ پریذائیڈنگ افسر کے پاس نتائج کیلئے اگلے دن صبح10بجے کی ڈیڈ لائن ہوگی، اس میں ناکامی پر اس کے خلاف فوجداری مقدمات چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کے تحت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا فیصلہ 15 کی بجائے 7 روز میں کیا جائے گا، پولنگ ڈے سے 5روز قبل پولنگ سٹیشن تبدیل نہیں کیاجاسکے گا،انتخابی اخراجات کے لئے پہلے سے زیر استعمال بینک اکاؤنٹس بھی استعمال کئے جا سکیں گے تاہم اس کے ساتھ ایک حلف نامہ دینا ہو گا۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ سکیورٹی اہلکار پولنگ سٹیشن کے باہر ڈیوٹی دیں گے،ہنگامی صورتحال پر پریذائیڈنگ افسر کی اجازت سے اندر آسکیں گے، پوسٹل بیلٹ کو شفاف بنانے کے لئے کس حلقہ میں کتنے ووٹ جاری کئے گئے ان کی تفصیل ویب سائٹ پر اور پولنگ والے دن اس بارے آگاہ کیا جائے گا، قومی اسمبلی 5 فیصد یا 8 ہزار ووٹ،صوبائی اسمبلی 4 ہزار ووٹ کے فرق پر دوبارہ گنتی کرائی جاسکے گی۔ انہوں نےکہا کہ اس بل کے تحت الیکشن ٹربیونل میں ریٹائرڈ ججز کی بجائے صرف حاضر سروس ججز ہی یہ خدمات سرانجام دیں گے،انتخابی عذرداریاں نمٹانے کے لئے 6 ماہ کا وقت دیا گیا ہے ،اس کے بعد ہر پیشی پر جرمانہ،اس کے بعد حکم امتناعی خارج ہوجائے گا، پریذائیڈنگ آفیسرزیا عملہ کی وجہ سے اگر انتخابی عمل میں تعطل آئے تو ان کے خلاف فوجداری کارروائی ہوگی۔وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ انتخابات میں لسانیت،صنف کی وجہ سے روکنا جرم ،ٹرانسجینڈر کو حقوق حاصل ہیں۔