اتحادی حکومت وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی قیادت میں عوامی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ، وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم

160
Prime Minister of Azad Kashmir

مظفرآباد ۔8دسمبر (اے پی پی):وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم اور وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ نے کہا ہے کہ مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان نے آزادریاست جموں وکشمیر کے قیام اور اس کے سسٹم کو قائم کرنے میں مثالی خدمات سرانجام دیں ہیں۔

تاریخ شاہد ہے کہ شہدائے جموں نے آزاد ریاست کے قیام کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں تھیں جن کی بدولت آج آزاد خطہ کی ایک الگ شناخت ہے۔سابق سینئر وزیر کی جانب سے مہاجرین سیٹو ں کے متعلق بیانات افسوسناک اور مہاجرین کی دل آزاری کا باعث بنے ہیں۔ سابق سینئر وزیر مہاجرین سیٹوں کی فکر چھوڑ کر اپنے حلقے پر توجہ دیں۔ مہاجرین مقیم پاکستان کی سیٹوں سے ہی آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کی بھی نمائندگی ہوتی ہے۔ مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کی سیٹوں کا قیام کشمیری اکابرین نے طویل غوروخوض کے بعد عمل میں لایا تھا۔ کشمیر ی عوام نازک دور سے گزر رہے ہیں۔

وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی قیادت میں آزادخطہ برق رفتار ترقی کی جانب گامزن ہے۔ وزراء حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سابق سینئروزیر کی جانب سے ایسے متنازعہ بیانات کشمیر ی عوام کے اتحاد کو ٹھیس پہنچ رہی ہے۔ سابق سینئر وزیر کا یہ عمل دشمنوں کو خوش کرنے کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہا کہ نام نہاد شکست خوردہ عناصر آئے روز متنازعہ بیانات سے سیاست میں جگہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس قسم کے بیانات دینے و الے سیاسی بیساکھیوں کے متلاشی ہوتے ہیں ۔انھوں نے سابق سینئر وزیر کو مشورہ دیا کہ اس طرز کے غیرمنطقی بیانات دینے کے بجائے سنجیدہ سیاست کو ترجیح دیتے رہتے تو آج انھیں شکست کا منہ نہ دیکھنا پڑتا۔

انھوں نے کہا کہ مقام افسوس ہے کہ سابق سینئر وزیر کی جماعت حکومتی اتحاد کا حصہ ہے مگر اس کے باوجود سابق سینئروزیر اتحادی حکومت پر بلاجواز تنقید کررہے ہیں۔ انھوں نے سابق سینئر وزیر کو تدبر کے ساتھ سیاست کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات سے انتشارپھیل سکتا ہے ۔ انھوں نے واضح کیا کہ اتحادی حکومت وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی قیادت میں متحد ہے ، عوامی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔