اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، عدم اعتماد اپوزیشن کے گلے کا پھندہ بن گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے طول و ارض سے یہ رپورٹ ہوا ہے کہ عوام اپوزیشن کے ساتھ نہیں نکلی، اپوزیشن نے پنگا لے لیا ہے، یہ پنگا ان کے گلے کا پھندہ ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اب اپوزیشن کو آرام سے گھر نہیں جانے دیں گے، جب یہ واپس جائیں گے تو وقت ضائع کرنے پر عوام انہیں پھولوں کے ہار نہیں پہنائیں گے، یہ چھپ کر پتلی گلی سے نکلنا چاہیں گے، ہم عوام اور پوری دنیا کو بتائیں گے کہ جو یہ عدم اعتماد اور لانگ مارچ کیلئے نکلے ہیں ان کے پلے کیا رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے تمام اراکین نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے ان کے نمبر پورے ہیں یا نہیں ہیں ہمارے نمبر پورے ہیں، ہمارے ممبران اور اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری لاہور میں مونس الہٰی سے ملاقات ہوئی، اس سے قبل اسل
ام آباد میں بھی ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تیسری نسل سیاست میں ہے، چوہدری شجاعت حسین اور انہوں نے حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا، وہ بار بار اپوزیشن کی باتوں کا جواب نہیں دے سکتے۔ شہباز گل نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے میلسی میں تاریخی جلسہ کیا، عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا، بار بار یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ان سے مل چکی ہے، پھر کہتے ہیں کہ نیوٹرل ہو چکی ہے، گلگت بلستان میں انتخابات میں کسی نے دھاندلی کا الزام نہیں لگایا، اسٹیبلشمنٹ نہ کسی کو بنا رہی ہے نہ کسی کو گرا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ چور، ڈاکو اور محب وطن وزیراعظم اور پارٹی لیڈر کے درمیان فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ مقصود چپڑاسی کے اکائونٹ میں 16 ارب روپے ڈال رہے تھے آصف زرداری لوٹ مار کر رہے تھے اور ان کا سفیر وہاں ویزے دے رہا تھا تو یہاں عوام گاجر مولی کی طرح کٹ رہے تھے، شہید ہو رہے تھے، خون بہایا جا رہا تھا۔