اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا مقصد بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنا ہے،محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے، مولانا عبد الخبیر آزاد

102
دنیا کی تمام مشکلات اور مسائل کا حل سیرت نبویﷺ کی پیروی میں ہے، مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد

لاہور۔5اگست (اے پی پی):چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا مقصد بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنا ہے،محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے،ہمیں مل کر دشمن کے عزائم کوخاک میں ملانا ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے روز بادشاہی مسجد لاہور میں مجلس علما پاکستان کے زیر اہتمام اتحاد بین المسلمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب میاں ابرار احمد،ڈی جی مذہبی امور اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضابخاری ،سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اورکمشنر لاہور کیپٹن عثمان نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا مقصد بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنا اور ملک میں وحدت اور اتحاد کو پیدا کرنا ہے ، ہمارے دین اسلام کا بھی یہی پیغام ہے کہ اللہ کی رسی کو سب مضبوطی سے تھام لو اور تفرقات میں مت بٹو۔

انہوں نے کہا کہ سیدنا فاروق اعظم ؓاورسیدنا امام حسین ؓ کی شہادتیں ہمیں صبر ، ایثار ، قربانی اور برداشت کا درس دیتی ہیں، میں علما و خطبا اور واعظین سے یہی توقع رکھتا ہوں کہ وہ قرآن کریم کے اس حکم اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے اپنا مثالی کردار ادا کریں اور اپنے خطبہ یا تقریر میں ایسی کوئی بات نہ کہیں کہ جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔

مولانا عبد الخبیر آزاد نے علما اورذاکرین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اِتحاد بین المسلمین اورپیغام پاکستان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،پیغام پاکستان،پاکستان کا وہ ضابطہ اخلاق ہے جس کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ علما و ذاکرین محرم الحرام اور عاشورہ محرم کے پرو گراموں میں ایسی اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں جس سے کسی دوسرے کی دل آزاری ہو اور جلوسوں کے ٹائم ٹیبل کا خیال رکھیں،روٹس کی پابندی کریں،لائو ڈسپیکر کے غلط استعمال سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کے مثبت اثرات سامنے آچکے ہیں اور پیغام پاکستان نے دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو ناکام بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے قربانیاں دے کر ملک کو مضبوط بنایا ہے۔ کانفر نس سے سیکرٹری اوقاف میاں ابرار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد بین المسلمین وہ فورم ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام موجود ہیں جنہوں نے ہمیشہ اتحاد و محبت کی فکر کو عام کیا ہے اور اس کو لیکر آگے بڑھے ہیں۔

کانفرنس سے مفتی مبشر احمد،مولانا مسعود قاسمی قاسمی،مولانا رجیع اللہ،علامہ سید جواد حسین نقوی،پیر ولی اللہ شاہ،علامہ مشتاق جعفری،حافظ اسد عبید،مولانا شکیل الرحمان ناصر، مولانا نعیم بادشاہ،مفتی عاشق حسین شاہ،سردار محمد خان لغان،پیر زادہ عثمان نوری،مولانا اسد اللہ فاروق، صاحبزادہ شعیب الرحمان،صاحبزدہ قاسم قاسمی،قاضی عبدالغفار،مولانا عبدالستار نیازی،آغا قضرباش،مولانا عبدالرحمن، سید محمد عبدالقدیر آزاد،سیدمحمد عبدالبصیر آزاد،حافظ سیدمحمد عبدالرازق آزاد،حافظ سید محمد عبدالرزاق آزاد،مولانا بلال،محمود غزنوی ودیگر رہنماں نے بھی خطاب کیا۔