اتصالات اورنجکاری کمیشن کے درمیان تمام تصفیہ طلب امور کے پائیدارحل کیلئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے،وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین کی اتصالات انٹرنیشنل کے گروپ سی ای اوحاتم دویدرسے ملاقات میں گفتگو

85

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے اتصالات اورنجکاری کمیشن کے درمیان تمام تفیہ طلب امور کے پائیدارحل کیلئے آگے بڑھنے کی ضرورت پرزوردیا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں اتصالات انٹرنیشنل کے گروپ سی ای اوحاتم دویدرسے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیرنجکاری محمدمیاں سومرو،نجکاری کمیشن کے چئیرمین، سیکرٹری خزانہ اوردیگرسینئرافسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔

وزیرخزانہ نے اراضیوں کے جائز اورشفاف جانچ کی ضرورت پرزوردیا۔ انہوں نے پاکستان میں بالخصوص آئی ٹی اورٹیلی کام کے شعبہ میں بیرونی سرمایہ کاری میں امکانات پرروشنی ڈالی اورکہاکہ دونوں شعبے تیزی سے ترقی کررہے ہیں۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے سازگارماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ترغیبات بھی دے رہی ہے۔

اتصالات کے سی ای اونے اراضیوں کے جائزہ کوجلد مکمل کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں آئی ٹی اورٹیلی کام کے شعبوں میں سرمایہ کاری پرآمادگی کااظہاربھی کیا۔ملاقات میں فریقین نے اتصالات اورنجکاری کمیشن کے درمیان تمام تصفیہ طلب امورکوخیرسگالی کی فضا میں حل کرنے پراتفاق کیا۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ یواے ای پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار ملک ہے۔ پاکستان یواے ای کے ساتھ برادرانہ تعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتاہے۔ وزیرخزانہ نے مزیدکہاکہ پاکستان یواے ای کے ساتھ تجارتی اورکاروباری تعلقات کومزید مضبوط بنانے کی خواہش رکھتاہے۔