اتوار بازار ایچ نائن میں آگ لگنے پر فائر بریگیڈ اور دیگر ریسکیو ٹیمیں پر پہنچ گئیں، آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا

296

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):اتوار بازار ایچ نائن میں آگ لگنے پر فائر بریگیڈ اور دیگر ریسکیو ٹیموں نےموقع پر پہنچ کر آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے ، ریسکیو راولپنڈی اور مسلح افواج کی ریسکیو ٹیموں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا، کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، اور حالات قابو میں ہیں۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ریسکیو آپریشن اپنی نگرانی میں مکمل کروایا۔آگ کپڑے اور کارپیٹ کے اسٹالز پر لگی تھی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے والے مقام کو آج رات کیلیے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا، اور وہاں پولیس کے دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں تاکہ وہاں سے دکانداروں کا سامان وغیرہ چوری نہ ہو، آگ لگنے سے بازار کا بیس فیصد حصہ متاثر ہوا، جمعہ والے دن بازار روٹین میں کھلے گا.

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا مزید کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کیلیے ایک کمیٹی بنا دی گئی ہےجو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سفارشات پیش کرے گی۔وفاقی دارالحکومت کے سستا بازار پشاور موڑ ایچ نائن میں کپڑوں کے سٹالز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بازار کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، فائر برگیڈ ، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کے لئے رات گئے تک کارروائیاں جاری رکھیں اور آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا۔

آتشزدگی کے نتیجے میں تقریباً 250 سے زائد سٹالز جل کر خاکستر ہو گئے تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کے مطابق آگ کپڑے اور کارپٹ کے سٹالز پر لگی ، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔بدھ کی شام ایچ نائن پشاور موڑ ہفتہ وار بازار میں موجود لنڈے کے سٹال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے بازار کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔

آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کی دس گاڑیاں روانہ کی گئیں تاہم شدید آتشزدگی کے باعث راولپنڈی ریسکیو 1122 کے عملے کو بھی طلب کر لیا گیا ۔ ریسکیو1122 راولپنڈی کے 6 فائرٹینڈرز موقع پر پہنچے ، 25 سے زائد ریسکیو راولپنڈی کے فائراہلکار وں نے آگ بجھانے کے آپریشن میں حصہ لیا جبکہ آتشزدگی کے نتیجے میں ایچ ایٹ ٹو ، جی نائن تھری انٹرنیشنل سکول فیڈرز پر بجلی کی فراہمی متاثر ہو گئی جس کی بحالی کے لئے آئیسکو ایس ای اسلام آباد اور ایکسین ٹیم کے ہمراہ موقع پر موجود رہے ،

متعلقہ سٹاف کو متاثرہ علاقوں کی بجلی متبادل ذرائع سے بحال کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ، وزیر داخلہ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن موقع پر پہنچے اور تمام آپریشن کی نگرانی خود کی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق آگ کپڑے اور کارپٹ کے سٹالز پر لگی۔آتشزدگی سے 250 سے زائد سٹالز جل کر خاکستر ہو گئے تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔