احتجاج ہر ایک کا حق لیکن اس کا مطلب املاک یا انسانوں کو نقصان پہنچانا نہیں، بقائے باہمی، رواداری، محبت، امن اور اخلاص سے معاملات کو طے کرنا بہترین امتی ہونے کی علامت ہے، جید علمائے کرام

204

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):مخلتف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علما کرام و مشائخ عظام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ نبی کریمﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، احتجاج ہر ایک کا حق ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم املاک یا انسانوں کو نقصان پہنچائیں، ہمیں اپنے مطالبات آئین پاکستان کو سامنے رکھتے ہوئے پیش کرنے چاہئیں، دینی مقاصد کے حصول کے لئے بقائے باہمی، رواداری، محبت، امن اور اخلاص کو سامنے رکھتے ہوئے معاملات کو طے کرنا، بہترین شہری، بہترین امتی اور بہترین لیڈر ہونے کی علامت ہے۔

ان خیالات کا اظہار علمائے کرام نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنا نکتہ نظر پیش کرتے ہوئے اپنے اپنے علیحدہ ویڈیو پیغامات کے ذریعے کیا۔ جامع منہاج الحسین، جوہر ٹائون کے پرنسپل ڈاکٹر علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ مسلمان کی تعریف یہ ہے کہ اس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرا مسلمان محفوظ رہے،

وطن کی محبت کو ایمان کا حصہ قرار دیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی جان مال اور عزت و ناموس کی حفاظت ہر مسلمان پر واجب ہے، مومن کی جان اور اس کی عزت و ناموس خانہ کعبہ سے افضل قرار دی گئی ہے۔

جامع مسجد عمران الخطاب گلبرگ لاہور کے خطیب مولانا زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے اور مشکلات پیدا نہ کرنے کا حکم دیا، یہ سمجھنا چاہئے کہ ہم لڑائی جھگڑے یا املاک کو نقصان پہنچانے یا راستے روکنے سے کامیابیاں حاصل نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ حضور اکرمﷺ نے راستوں کی رکاوٹوں کو ہٹایا ہے۔ آپﷺ کا فرمان ہے کہ اگر راستے میں ایک پتھر بھی پڑا ہو تو اسے اس نیت سے کوئی شخص ہٹا دے کہ لوگوں کو تکلیف نہ ہو، تو اللہ اس کے بدلے جنت عطا کرے گا۔ جامع مسجد داتا دربار لاہور کے خطیب مفتی محمد رمضان نے کہا کہ وطن عزیز عالمی سطح پر جن معروضی حالات سے گذر رہا ہے، ایسے میں نبی کریمﷺ کی ناموس کے تحفظ کے لئے نکلنا اور آگے بڑھنا ہر مسلمان کا ایمانی اور آئینی تقاضا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیکن اس مقصد کے حصول کے لئے بقائے باہمی، رواداری، محبت، امن اور اخلاص کو سامنے رکھتے ہوئے معاملات کو طے کرنا، بہترین شہری، بہترین امتی اور بہترین لیڈر ہونے کی علامت ہے۔ جامع بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب و مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ نبی کریمﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے۔ احتجاج ہر ایک کا حق ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم املاک یا انسانوں کو نقصان پہنچائیں، ہمیں اپنے مطالبات آئین پاکستان کو سامنے رکھتے ہوئے پیش کرنے چاہئیں۔